قومی اسمبلی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کو ابو فتح عبدالرحمن الخزینی کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

جمعرات 3 مئی 2018 17:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 3 مئی 2018ء)قومی اسمبلی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کو ابو فتح عبدالرحمن الخزینی کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے قرارداد پیش کرنی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس کیلئے رولز معطل کرنے پڑیں گے جس پر کیپٹن (ر) صفدر نے رولز معطل کرنے کی تحریک کی پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔ بعد ازاں کیپٹن (ر) صفدر نے قرارداد پیش کی کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ فزکس کا نام تبدیل کرکے البیرونی کے شاگرد اور نامور سائنسدان ابو فتح عبدالرحمن الخزینی کے نام سے منسوب کیا جائے۔ وہ البیرونی کے شاگرد تھے۔ پورا یورپ اس مسلمان سائنسدان سے مستفید ہوتا رہا۔ انہوں نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔