پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اجلاس، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

29اپریل کے جلسے کے بعد نواز شریف بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،عمران خان کے گیارہ نکات ملک کو باعزت اور باوقار مستقبل سے ہمکنار کرنے کی ترکیب ہیں،نون لیگ نے ملکی معاشی اور سیاسی ڈھانچے کی تباہی میں پوری جانفشانی سے محنت کی ہے،خواتین کیخلاف بیہودہ جملے بازی پر رانا ثناء اللہ، عابد شیر علی اور طلال چوہدری کامحاسبہ کیاجائے،نون لیگ نے بجٹ میں انتہائی بے رحمی سے غریبوں کے مفادات پر ضرب لگائی، ملک بھر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کی مذمت کرتے ہیں، احسن اقبال کا بھی احتساب لازم ہے،ترجمان فوادچودھری

جمعرات 3 مئی 2018 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 3 مئی 2018ء) اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین عمران خان نے صدارت کی ۔اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان و مرکزی سیکرٹی اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 29اپریل کے جلسے کے بعد نواز شریف بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

نواز شریف کا بیانیہ بے سروپا اور کنفیوژن سے بھرپور ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر عمران خان نے پاکستان کے توانا مستقبل کا فارمولا پیش کیا۔عمران خان کے گیارہ نکات ملک کو باعزت اور باوقار مستقبل سے ہمکنار کرنے کی ترکیب ہیں۔تحریک انصاف کے قائدین ہر سطح پر چیئرمین کے گیارہ نکات اور نئے پاکستان کے تصور کو اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف انتخابات کیلئے پوری طرح یکسو اور تیار ہے ۔

نون لیگ نے ملکی معاشی اور سیاسی ڈھانچے کی تباہی میں پوری جانفشانی سے محنت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے انتظامی، معاشی اور سیاسی نظام میں نون لیگ کی جانب سے شامل کردہ آلائشیں دور کرنا ہونگی۔اجلاس میں نون لیگی وزراء کی جانب سے تحریک انصاف کی خواتین کیخلاف بیہودہ جملے بازی کی شدید مذمت کی گئی اور رانا ثناء اللہ، عابد شیر علی اور طلال چوہدری کے محاسبے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ بھی مکمل طور پر مسترد کردیا گیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورے سال کی بجٹ سازی کا موجودہ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں۔نون لیگ نے بجٹ میں انتہائی بے رحمی سے غریبوں کے مفادات پر ضرب لگائی۔بجٹ کا واحد مقصد ٹیکس چوروں اور مراعات یافتہ طبقے کے مفادات کی نگہداشت ہے۔اجلاس میں نواز شریف اور خاندان کی جانب سے قومی اداروں پر زبانی حملوں کی شدید مذمت کے ساتھ شریفوں کے احتساب کا عمل بلاتاخیر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملک بھر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کی بھی شدید مذمت کی گئی اور وزیر اعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ بھی مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں مطالبی کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کی شرح کم کرکے عوام کی مشکلات میں کمی کی جائے۔اجلاس میں عالمی یوم صحافت کے موقع پر آزادء اظہار کی پشتیبانی کے عزم کا اظہارکیا گیااوراپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں جان سے گزرنے والے اہل قلم کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

جمہوریت کے استحکام و ترقی میں اہل صحافت کے کردار کا اعتراف اورمیڈیا کی آزادی اور صحافیوں کی بہبود مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے نے حکومت سے اہل صحافت کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں اقامہ زدہ وزیر داخلہ احسن اقبال کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور خواجہ آصف کی طرح احسن اقبال کا بھی احتساب لازم ہے۔