سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

جمعرات 3 مئی 2018 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 3 مئی 2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت کل (جمعہ ) تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کے گواہ و تفتیشی آفسیر عمران ڈوگر کے بیان پر جرح کی۔تفتیشی آفیسر نے دوران جرح بتایا کہ نیلسن، نیسکول اور کومبر کی متفرق درخواست میں لگی ہوئی ٹرسٹ ڈیڈ اور جے آئی ٹی کے والیم میں لگی ہوئی ٹرسٹ ڈیڈ کا متن ایک جیسا ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹہ لگا کر یہ منوانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ متن ایک جیسا ہے۔

عمران ڈوگر نے بتایا کہ میں نے ایسی کوئی دستاویز حاصل نہیں کی جو ظاہر کرے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف لندن فلیٹ کے مالک ہیں، میں نے بی وی آئی اور ایف آئی اے سے ایسی کوئی دستاویز حاصل نہیں کی جس سے ظاہر ہو کہ محمد نواز شریف بینیفشل اونر یا اصل مالک ہیں، ایسی کوئی دستاویز حاصل نہیں کی جس میں نواز شریف کو نیلسن اور نیسکول کا ڈائریکٹر، شئیرز ہولڈر کہا گیا ہو۔

تفتیشی آفسیر عمران ڈوگر نے بتا یا کہ کسی گواہ نے نہیں کہا کہ محمد نواز شریف کے قبضے میں ان دو کمپنیوں کے بئیررز شئیرز رہے ہیں، ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جو ظاہر کرے کہ محمد نواز شریف نے نیلسن، نیسکول یا لندن فلیٹ کی کوئی خط و کتابت کی ہو۔ عمران ڈوگر نے مزید بتایا کہ ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جو ظاہر کرے کہ محمد نواز شریف نے کبھی کرایہ، یوٹیلیٹی بلز یا لندن فلیٹ کا کسی قسم کا ٹیکس ادا کیا ہو،کوئی ایسی دستاویز نہیں ملی کہ جو ظاہر کرے کہ نیلسن اور نیسکول کے شئیرز کبھی محمد نواز شریف کے قبضے میں رہے ہیں۔

خواجہ حارث نے نیب کے تفتیشی آفیسر سے سوال کیا کہ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ جے آئی ٹی نے دوران تفتیش گواہوں کے بیانات قلمبند کیے تھے۔ گواہ عمران ڈوگر نے کہا کہ میں ریکارڈ دیکھ کر بتا سکتا ہوں۔ تفتیش آفسیر کے مطابق جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سمیت 18 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے، جے آئی ٹی کے 13 گواہان میں سے کسی کو بھی اس عدالت میں دائر کیے گئے ریفرنس میں شامل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت (آج ) جمعہ تک ملتوی کر دی۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث گواہ عمران ڈوگر کے بیان پر جرح جاری رکھیں گے۔