جدہ:حاجیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے بہترین انتظام کیے گئے ہیں

حاجیوں کو وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ویکسین بھی دی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 اگست 2018 16:28

جدہ:حاجیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے بہترین انتظام کیے گئے ہیں
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اگست 2018ء) اگلے چند روز میں حج کا آغاز ہوا چاہتا ہے‘ مملکت میں مختلف وزارتیں اور ڈیپارٹمنٹس حج کے حوالے سے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزارتِ صحت کی جانب سے بھی حج کے دوران حاجیوں کی صحت اور وبائی امراض سے تحفظ کے حوالے سے بہترین انتظامات سامنے آ رہے ہیں۔ اس بار حج کے موقع پر تقریباً 20 لاکھ افراد مکّہ معظمہ کا رُخ کر چُکے ہیں۔

اتنی بڑی تعداد میں موجود لوگوں کی صحت کے حوالے سے محکمہ صحت نے بے شمار میڈیکل ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں جو حاجیوں کو بیماری اور ایمرجنسی کی صورت میں بروقت طبی امداد مہیا کریں گی۔ گزشتہ ہفتہ کے روز تک مملکت میں 13 لاکھ سے زائد عازمینِ حج قدم رکھ چکے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حاجیوں کی تعداد 6 فیصد زیادہ نوٹ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حج کی مقدس تقریبات کا آغاز 19 اگست 2018ء سے ہو جائے گا۔

محکمہ صحت کے مطابق ابھی تک حاجیوں میں کسی وبا یا متعدی مرض کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ مدینہ میں حاجیوں کے لیے گیارہ ہسپتال مخصوص کر دیئے گئے ہیں جبکہ شہر میں موجود دُوسرے ہسپتالوں کو ایمرجنسی نوعیت کے کیسز سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ تیرہ عارضی ہیلتھ کیئر سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ جدہ کے صحتِ عامہ کے ادارے نے جدہ اسلامک پورٹ پر قائم ہیلتھ کنٹرول سنٹر پر 115 ڈاکٹرز‘ ٹیکنیشنز اور دُوسرا انتظامی عملہ تعینات کر رکھا ہے ‘ واضح رہے کہ جدہ کی بندرگاہ کے ذریعے بھی لاکھوں عازمین حج سعودی مملکت میں قدم دھرتے ہیں۔

اس سنٹر کے ذریعے سمندری راستے سے پہنچے حاجیوں کی صحت کے حوالے سے سرٹیفکیٹ جاری کیے جا رہے ہیں اور اُن کے لیے دوائیوں اور مطلوبہ ویکسین کی سہولت بھی موجود ہے۔ نائب وزیر صحت حماد الدُّوویلا کی جانب سے جدہ اور مکّہ میں عازمین حج کو فراہم کی گئی صحت سہولتوں کا جائزہ لینے کے لیے متعدد میڈیکل سنٹرز اور ہسپتالوں کے دورے کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں