زائرین کو 40 برس سے مفت چائے پلانے والے بزرگ کا انتقال

مدینہ منورہ میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے شیخ اسماعیل کا تعلق شام کے شہر حماہ سے تھا

جمعرات 18 اپریل 2024 15:22

زائرین کو 40 برس سے مفت چائے پلانے والے بزرگ کا انتقال
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل 2024ء ) مسلمانوں کے لیے دنیا بھر میں دوسرے انتہائی مقدس شہر مدینہ منورہ میں 40 برس سے زائرین کو مفت چائے اور قہوہ پلانے والے 96 سالہ شیخ اسماعیل الزائم ابو الصبا انتقال کرگئے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق مدینہ منورہ میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے شیخ اسماعیل کا تعلق شام کے شہر حماہ سے تھا، وہ 50 سال سے مدینہ منورہ میں مقیم تھے اور ہر آنے والے زائر کو مفت چائے، کافی اور کھجور پیش کیا کرتے تھے، شیخ اسماعیل کبھی کبھار زائرین کو اپنے آبائی علاقے سے آنے والی روایتی مٹھائیاں بھی پیش کرتے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ 96 سالہ بزرگ شیخ اسماعیل الزائم ابو الصبا مسجد نبوی ﷺ کے قریب ایک پلاسٹک کی کرسی پر بیٹھتے تھے، ان کے سامنے ایک میز ہوتی تھی جس پر کافی چائے کے علاوہ میٹھے پکوان کی پلیٹ ہوتی تھی، مرحوم بزرگ کی عمر 96 برس تھی، وہ اپنی انسانی خدمت کے سبب پیغمبر رسولﷺ کے مہمانوں کے میزبان کے طور پر مشہور تھے، یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال کی خبر تیزی سے وائرل ہوئی اور ان کے کام کی ہر جانب ستائش کی جا رہی ہے، انہوں نے بہت سے انٹرویوز میں کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے مالی معاوضے کے بغیر اللہ کی خوشنودی کے لیے انسانی خدمت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں