حرمین شریفین آنے والے زائرین کیلئے نئی ہدایت جاری

ماسک کا استعمال لازمی کریں اور راہداریوں میں بیٹھنے سے گریز کیا جائے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 اپریل 2024 12:05

حرمین شریفین آنے والے زائرین کیلئے نئی ہدایت جاری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2024ء ) ماہ رمضان کے آخری عشرے میں حرمین شریفین آنے والے زائرین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی اور راہداریوں میں بیٹھنے سے بھی گریز کیا جائے۔عرب ٹی وی کے مطابق ماہ رمضان کے آخری عشرے میں حرمین شریفین آنے والے زائرین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے اور راہداریوں میں بیٹھنے سے بھی گریز کیا جائے، اس کے علاوہ زائرین خیال کریں کہ حرمین شریفین جاتے وقت کوئی سامان ساتھ نہ ہو۔

اسی طرح زائرین کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں 3 مقامات پر آرام کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں 3 مقامات پر آرام کی غرض سے قیام نہ کیا جائے، ان مقامات میں وہیل چیئر ٹریک، راہداریاں اور ایمرجنسی گزر گاہیں شامل ہیں، ان جگہوں پر سونے اور آرام کرنے سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے یہ پابندی زائرین کی سلامتی، نظام کی پابندی اور نماز و زیارت کے لیے آنے والوں کے سکون و اطمینان کے لیے لگائی گئی ہے کیوں کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سونا اور بستر لگانا زائرین کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ وزارت نے مزید کہا ہے کہ مسجد الحرام یا مسجد نبوی ﷺ میں سونے یا بستر لگانے سے دیگر زائرین کی سلامتی خطرے میں پڑ جاتی ہے، اس عمل سے آنے جانے کے راستوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، رش بھی بڑھ جاتا ہے اور سلامتی کے تقاضے متاثر ہونے کے ساتھ راستے کا حق معطل ہوتا ہے۔

سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے، عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں