Aik Herat Angaiz Makhlooq - Article No. 1160

Aik Herat Angaiz Makhlooq

ایک حیرت انگیز مخلوق - تحریر نمبر 1160

چیونٹی اللہ کی حیرت انگیز مخلوق ہے ۔یہ بظاہر ننھی منی سی ہوتی ہے ،مگر بہت غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ہے ۔

منگل 14 اگست 2018

نسرین شاہین
چیونٹی اللہ کی حیرت انگیز مخلوق ہے ۔یہ بظاہر ننھی منی سی ہوتی ہے ،مگر بہت غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ہے ۔یہ بے ضرر اور معمولی کیڑا ہے ،جو میٹھی اشیا کا شوقین ہے ۔کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ یہ ننھی منی سی چونٹیاں کس طرح زندگی گزارتی ہیں ۔آپ کویہ جان کر یقینا حیرت ہوگی کہ چیونٹیاں بڑے نظم وضبط کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرتی ہیں ۔

یہ بڑی جفا کش اور محنتی ہوتی ہیں ۔آئیے ! ان کے رہن سہن کے طریقے پر ایک نظر ڈالتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ قدرت کی یہ چھوٹی سی مخلوق زندگی کے شب وروز کیسے گزارتی ہے ؟
چیونٹیوں کی ریاست میں بھی بادشاہت قائم ہے ۔ان چیونٹیوں میں ایک چیونٹی ”ملکہ چیونٹی “ ہوتی ہے ۔وہ زمین کے اندر محل نمابِل میں سکون سے بیٹھتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کا کام صرف اور صرف انڈے دینا ہوتا ہے ۔

اس کے ساتھ ایک بادشاہ ہوتا ہے ،جو دوسری تمام چیونٹیوں پر حکمرانی کرتا ہے ۔ان چیونٹیوں کے الگ الگ کام ہوتے ہیں ۔دفاعی چیونٹیوں ،سراغ رساں چیونٹیوں اور مزدور چیونٹیاں اور سپاہی چیونٹیوں اپنے اپنے کام بڑی محنت اور لگن سے کرتی ہیں ۔وہ چیو نٹیاں جو ہمیں ایک جگہ سے اشیا اُٹھا کردوسری جگہ لے جاتی نظر آتی ہیں ،مزدور چیونٹیوں ہوتی ہیں ۔
ان کے ساتھ ساتھ چند سراغ رساں اور دفاعی چیونٹیوں بھی ہوتی ہیں ،مگر یہ سب چیونٹیاں اللہ کے حکم کی پابند ہوتی ہیں ۔جیسا انھیں حکم ملتا ہے ،ویسا ہی کرتی ہیں ۔اگر انھیں یہ اجازت مل جائے کہ وہ آزادی سے ہرجگہ جاسکتی ہیں تو یہ انسان کا نام میں دم کردیں ۔قدرت نے انھیں ایک خاص دائرے سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی ۔یہ اللہ تعالیٰ کا ہم سب انسانوں پر بڑا کرم ہے ۔
ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ مزدور چیونٹیوں ایک لمبی قطار میں چلتی ہوئی نظم وضبط کا مظاہرہ کرتی ہیں ۔یہ مزدور چیونٹیاں سردیوں اور برسات کے لیے کھانے پینے کی اشیا کا ذخیرہ کرتی رہتی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ سردیوں میں چیونٹیاں بہت معمولی تعداد میں ہی نظر آتی ہیں ۔اس دوران وہ اپنے اپنے گھروں میں ذخیرہ شدہ خوراک استعمال کرتی رہتی ہیں ۔اگر ہم کسی جگہ کوئی خوشبودار یامیٹھی چیز رکھ دیں تو تھوڑی دیر بعد ہی وہاں بہت سی چیو نٹیاں جمع ہو جاتی ہیں اوروہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں اس کے زرے اُٹھا کرلے جاتی نظر آتی ہیں ۔
یہی مزدور چیونٹیاں ہیں ۔کہا جاتا ہے کہ چیونٹی اپنے وزن سے تین گنا ہ زیادہ وزن اُٹھا سکتی ہیں ۔چیونٹیوں میں پیار ومحبت دیکھنا ہوتو کسی میٹھی چیز کی جگہ ہلدی رکھ دیں ۔آپ دیکھیں گے کہ ان میں بعض چیونٹیاں اِدھر اُدھر بکھر جائیں گی اور مزدور چیونٹیوں سے ٹکرا کر انھیں واپس ہونے کا اشارہ دیں گی ۔یہی دفاعی چیونٹیوں ہیں ۔نیتجتاََ آپ دیکھیں گے کہ اپنے سورا خوں سے نکلنے والی چیونٹیاں تیزی سے ایک قطار میں واپس جارہی ہوں گی ۔
یہی دفاعی چیونٹیاں سورا خوں کے باہر پہرہ دیتی رہتی ہیں ۔اگر کوئی دوسر ا کیڑا ان میں داخل ہونے کی کوشش کرے تو یہ چیو نٹیا ں فوراََ سپاہی چیو نٹیوں کو بلاتی ہیں ،یہ چیو نٹیاں گہرے سیاہ رنگ کی اور قدر ے بڑی ہوتی ہیں ۔یہ تیزی سے سوراخ سے باہر آکر کھڑی ہوجاتی ہیں اور اپنی اگلی دو ٹانگیں اُٹھا کر تیز نظروں سے چاروں طرف کا جائز ہ لیتی ہیں ۔
اگر انھیں کوئی مکھی ،مچھر وغیرہ نظر آجائے تو یہ اپنی پھرتی دکھاتی ہیں اوراس کو پکڑلیتی ہیں ۔دو تین سپاہی چیونٹیاں مل کراس پر قابو پالیتی ہیں ۔قابو میں کرنے کے بعدوہ مزدور چیو نٹیوں کو اطلاع دیتی ہیں کہ انھیں اُٹھا کرلے جائیں ۔سپاہی چیونٹیاں اپنے سوراخوں میں جانے سے پہلے سراغ رساں چیو نٹیوں کو یہ ہدایت دیتی ہیں کہ ہمارے اندر جانے کے بعد آپ سب چاروں طرف پھیل جائیں اور اگر کوئی خطر ناک شکار نظر آئے تو فوراََ ہمیں اطلاع دیں ۔
سپاہی چیو نٹیوں کے حکم کے مطابق سراغ رساں چیو نٹیوں چاروں طرف پھیل جاتی ہیں اور شکار تلاش کرتی رہتی ہیں ۔محنتی اور جفا کش چیو نٹیوں کے ساتھ بعض چیونٹیاں آرام طلب اور کام چور بھی ہوتی ہیں ۔قدرت نے ان چیو نٹیوں کے لیے ایک سزا مقرر کر رکھی ہے اور وہ یہ ہے کہ کام چوری کی وجہ سے ایک جگہ بیٹھے بیٹھے ان کے پَر نکل آتے ہیں توانھیں اُڑنے کا شوق پیدا ہوتا ہے ۔
ایک خاص موقع پر یہ سوراخوں سے نکل کر اُڑنے لگتی ہیں ،لیکن پَر کم زورہونے کی وجہ سے یہ زیادہ اونچائی تک پرواز نہیں کر سکتیں ۔اگر کوئی چیونٹی زیادہ اونچائی تک چلی بھی جائے تو ایک دم کسی چڑیا یاکسی اور شکاری کا شکار بن جاتی ہے۔ان کی کام چوری کا نتیجہ موت بن کرسامنے آتاہے ۔آرام طلب اور کام چور چیونٹیاں بہت کم تعداد میں ہوتی ہیں ۔زیادہ تر محنت کرنے والی چیونٹیاں ہی نظر آتی ہیں ۔
آپس میں مل جل کر رہنا اورمل جل کر محنت سے کام کرنا سب کے لیے فائدے مند ہوتا ہے ۔یک جہتی ہمیں اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے بچاتی ہے۔نظم وضبط کا مظاہرہ ہرمعاملے میں بہت ضروری ہے ۔جب چیونٹیاں نظم وضبط کا مظاہرہ کرسکتی ہیں توہم کیوں نہیں کرسکتے ۔یہ چھوٹی سی مخلوق ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ ہر کام وقت پریا وقت سے کچھ پہلے کرلیاجائے تواس میں ہمارا ہی فائدہ ہے ۔

Browse More Moral Stories