Lalach Buri Bala Hai - Article No. 2221

Lalach Buri Bala Hai

لالچ بُری بلا ہے - تحریر نمبر 2221

اب تمہیں ایک سال جیل کی سزا ملے گی

جمعہ 1 اپریل 2022

خدیجہ عابد،پشاور
ایک لکڑہارا روزانہ لکڑیاں کاٹنے جنگل جاتا اور پھر شہر آ کر بیچ دیتا۔ایک دفعہ اس نے جنگل کے سب سے بڑے درخت کو کاٹ دیا۔لکڑہارا بہت زیادہ خوش ہوا اور ساری لکڑیاں گھر لے گیا۔اس نے سوچا کہ اتنی زیادہ لکڑیوں سے میں بہت زیادہ پیسے کماؤں گا۔
اگلے دن جب وہ اُٹھا تو پورے گاؤں میں شور تھا کہ کسی نے جنگل کے سب سے بڑے درخت کو کاٹ دیا ہے۔
وہ درخت کسی عام آدمی نے نہیں بلکہ بادشاہ نے اپنے بیٹے کی پیدائش پر یادگار کے طور پر لگایا تھا۔اس وقت بادشاہ کے سپاہی اُس آدمی کی تلاش میں ہیں،جس نے وہ درخت کاٹا ہے۔لکڑہارے کو جب یہ پتا چلا تو وہ فوراً اپنے دوست کے گھر چلا گیا۔اس نے اپنے دوست کو سارا قصہ سنایا اور کہا:”میری مدد کرو،میں اب کیا کروں؟“
اس کے دوست نے کہا:”بادشاہ کے سپاہی تو ہر گھر کی تلاشی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اب تم یہ بتاؤ کہ تم خود کہیں چھپو گے یا ان لکڑیوں کو چھپاؤ گے؟“
لکڑہارے نے کہا:”لکڑیاں تو بہت زیادہ ہیں،اگر میں کہیں چھپ گیا تو میرے گھر کی تلاشی تو لی جائے گی اور گاؤں والے یہ بتا دیں گے کہ یہ میرا گھر ہے۔“
اس کے دوست نے کہا:”تم یہاں سے بہت دور بھاگ جاؤ،جہاں تمہیں کوئی پکڑ نہ سکے۔“
لکڑہارے نے کہا:”مجھے لگتا ہے کہ بادشاہ کے سپاہی ہمارے گاؤں کی طرف آنے ہی والے ہوں گے میں جا رہا ہوں۔

لکڑہارے نے جانے کے لئے دروازہ کھولا تو سامنے بادشاہ کے سپاہی تھے۔انہوں نے لکڑہارے کو پکڑ لیا اور کہا:”ہم نے تمہارے گھر کی تلاشی لی،وہاں ڈھیر ساری لکڑیاں ملی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ایک لکڑی پر شہزادے کا نام بھی تھا،کیونکہ جب وہ بارہ سال کا ہوا تو بادشاہ نے نشانی کے طور پر اس کا نام لکھوا دیا تھا۔چلو بادشاہ کے پاس۔“
لکڑہارا بہت ڈر گیا۔
جب اسے بادشاہ کے سامنے پیش کیا گیا تو لکڑہارے نے کہا:”مجھے معاف کر دیں،مجھ سے بہت بڑی غلطی ہو گئی ہے۔میں نے لالچ میں آ کر یہ سب کچھ کیا۔“
بادشاہ نے کہا:”تم نے جو کیا ہے اس کی سزا تمہیں ملے گی اور مجھے یہ بھی پتا چلا ہے کہ تم درخت کاٹ لیتے ہو اور اس کی جگہ دوسرا پودا بھی نہیں لگاتے ہو،کیا تمہیں اس ملک کا اُصول نہیں پتا کہ اگر درخت کاٹتے ہو تو اس کی جگہ ایک پودا بھی لگانا چاہیے۔اب تمہیں ایک سال جیل کی سزا ملے گی۔“

Browse More Moral Stories