Bahadur Shehzada - Article No. 2170

Bahadur Shehzada

بہادر شہزادہ - تحریر نمبر 2170

بادشاہ نے بہادر شہزادے کو اپنی آدھی سلطنت انعام میں دی اور شہزادی مرحبا سے اُس کی شادی کر دی

جمعہ 21 جنوری 2022

احمد عدنان طارق،فیصل آباد
بہت سال پہلے کی بات ہے کہ ایک بہادر شہزادہ جس کا نام سیف تھا،گھوڑے پر سوار ایک بادشاہ کے محل کے پاس آیا۔وہ یہ دیکھ کر بہت حیران ہوا کہ سارے ملک میں ہر کوئی اُداس ہے۔بادشاہ کہنے لگا”میری بیٹی میری شہزادی مرحبا اچانک غائب ہو گئی ہے اور اُس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔“
شہزادہ سیف نے وعدہ کرتے ہوئے کہا”میں شہزادی کو تلاش کرکے لاؤں گا۔
“پھر وہ گھوڑے پر سوار ہوا۔اُس نے شہزادی مرحبا کو پہاڑوں پر جھیلوں میں تلاش کیا۔ہر شہر میں لوگوں سے اُس کے متعلق پوچھا لیکن کسی نے شہزادی کو نہیں دیکھا تھا۔آخرکار وہ ایک جھونپڑی کے پاس پہنچا جس میں ایک بوڑھی عورت رہتی تھی۔
اُس نے شہزادے کی بات سنی تو اُسے کہا:”اگر تم میرے لئے جنگل سے لکڑیاں کاٹ دو۔

(جاری ہے)

جھیل سے پانی لے آؤ اور میرے کھیت میں ہل چلا دو تو میں شہزادی کو ڈھونڈنے میں تمہاری مدد کروں گی۔


شہزادے نے اُس کا کہا مانتے ہوئے سارے کام کر دیے تو ابھی اندھیرا چھا رہا تھا۔
اُس نے شہزادے کو ایک موم بتی دی اور کہا”اس موم بتی کو جلاؤ تو تم اس سلطنت کے ذرے ذرے کو دیکھ سکتے ہو“شہزادے نے موم بتی کی روشنی میں ایک بہت بڑا سیاہ رنگ کا قلعہ دیکھا جس کے اندر شہزادی مرحبا قید تھی،بوڑھی عورت کہنے لگی”یہ سیاہ گھڑ سوار کا جادو کا قلعہ ہے۔

شہزادہ سیف پھر گھوڑے پر سوار ہوا اور اُسے دوڑانے لگا حتیٰ کہ وہ سیاہ گھڑ سوار کے جادو کے قلعے کے نزدیک پہنچ گیا لیکن قلعے کے چاروں طرف جادو کے کانٹوں سے بھری جھاڑیاں سر اُٹھائے کھڑی تھیں وہ جتنا اُنہیں تلوار سے کاٹتا وہ اور بھی زیادہ ہوتی جاتیں۔آخر مایوس ہو کر اُس نے پھر موم بتی جلائی تاکہ دیکھے کہ شہزادی مرحبا کس حال میں ہے؟
موم بتی کا شعلہ جلا تو اتفاق سے جھاڑیوں میں آگ لگ گئی اور وہ خاک کا ڈھیر بن گئیں۔
سیاہ گھڑ سوار گھوڑے کو تیز بھگاتا ہوا قلعے سے باہر نکلا اور شہزادے سیف کے ساتھ تلوار سے جنگ کی جس میں شہزادے نے اُسے شکست فاش دی۔
لہٰذا بادشاہ نے بہادر شہزادے کو اپنی آدھی سلطنت انعام میں دی اور شہزادی مرحبا سے اُس کی شادی کر دی اور پھر وہ ہنسی خوشی رہنے لگے۔

Browse More Moral Stories