گلیا ت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتما م نتھیاگلی میں صاف اور سرسبز پاکستان مہم کا آغاز کر دیا گیا

صفائی ایمان کا بنیادی حصہ ہے، خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے صاف ستھرے ملک کی بنیاد رکھنی ہے، رضا علی حبیب

منگل 23 اکتوبر 2018 22:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) گلیا ت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتما م نتھیاگلی میں صاف اور سرسبز پاکستان مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ کالا باغ میں باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی جس کا افتتاح کالا باغ بیس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے رضا علی حبیب نے کیا۔ تقریب میں پاکستان ایئر فورس کالا باغ کے جوانوں اور سی ای او کینٹ ارسلان حیدر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مقامی سکولوں کے طلبہ نے بھرپور طریقہ سے مادر وطن کی حفاظت اور صفائی سے متعلق بھرپور معلوما ت سے آراستہ ٹیبلوز پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل رضا علی حبیب نے کہا کہ صفائی ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، ہم نے آج سے صاف ستھرے ملک کی بنیاد رکھنی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل اور خوشگوار پاکیزہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ آپ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے اس لئے اس خطہ زمین کی حفاظت اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک ماحول کی بقاء کیلئے کوشش کرنا آپ پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا عملہ مقامی افراد اور کمیونٹی کے اشتراک سے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے دن رات سرگرم عمل ہے، تمام موجود وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔

سی ای او کینٹ ارسلان حیدر نے کہا کہ اداروں کے درمیاں اشتراک اور باہمی ہم آہنگی سے دوریوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، انشاالله ارض وطن کی خوبصورتی اور ماحول کی حفاظت کا ذمہ آج ہم نے آنے والی نسل کے کندھوں پر ڈال دیا ہے۔ سی ای او کینٹ بورڈ ایبٹ آباد نے کہا کہ صفائی مہم ملک بھر کی طرح گلیات کو بھی خوبصورت بنانے اور صاف ستھرا رکھنے کیلئے پہلا قدم ثابت ہو گی۔

تقریب کے بعد تمام شرکا کو تین گروپس میں تقسیم کر دیا گیا جنہوں نے مختلف مقامات سے کوڑا کرکٹ جمع کر کے ایک جگہ اکٹھا کیا جسے بعد میں جی ڈی اے عملہ نے تلف کر دیا۔ گروپس کے درمیاں مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد کو انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ ملکر اپنے علاقہ اور ملک کو صاف بنانا ہے اور درخت لگا کر سرسبز و شاداب بنائیں گے، مہم میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملہ، پاکستان ایئر فورس کالا باغ کے جوانوں، مقامی سکولوں کے طلباء، تاجر برادری، وکلاء اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں