ایماندار ملازمین ادارہ کا سرمایہ ہوتے ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ محنتی ملازمین کا خیال رکھتی ہے، پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد

منگل 11 دسمبر 2018 23:52

ایبٹ آباد۔ 11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) محنتی اور ایماندار ملازمین کسی بھی ادارہ کا سرمایہ ہوتے ہیں، وہی ادارے ترقی کرتے ہیں جہاں کے ملازمین محنتی اور اپنے پیشہ کے ساتھ محنت کرنے والے ہوتے ہیں، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میںکام کرنے والے محنتی ملازمین کی دل سے قدر کرتے ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ محنتی اور دیانتدار ملازمین کا ہر طرح سے خیال رکھتی رہی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کرے گی۔

یہ بات وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے یونیورسٹی کے پہلے ریٹائر ہونے والے ملازم سردار محمد بشیر سے الوداعی ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ڈرائیور سردار محمد بشیر کی بہترین خدمات پر اس کے بیٹے کو بھی یونیورسٹی میں ملازمت دیدی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سردار محمد بشیر کی ایبٹ آباد یونیورسٹی تعیناتی کے دوران سرانجام دینے والی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں سردار محمد بشیر دیگر ملازمین کیلئے ایک مثال ہیں۔

انہوں نے جس طرح جانفشانی، محنت اور دیانتداری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں، وہ دوسروں کیلئے بھی مشعل راہ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ دیانتدار ملازمین ایبٹ آباد یونیورسٹی کیلئے ایک اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، جس ادارے کے ملازمین اپنے کام سے محنت اور لگن رکھتے ہوں وہ ادارے دن دگنی اور رات چگنی ترقی کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سابق ڈرائیور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں