جامعہ زراعت کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی

پیر 8 جون 2020 21:49

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2020ء) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبو ب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ جامعہ زراعت کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کاشتکاروں خصوصاًجدید زرعی طریقے اپنانے والے افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ وائس چانسلر نے اس بات کا اظہار ترقی پسند کاشتکار چودھری فیصل نسیم کے فارم ہائوس کے دورے کے موقع پر کیا۔

انہوں نے فارم میں طریقہ آبپاشی بذریعہ ڈرپ سسٹم کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے کسانوں کو پانی کی کمیابی جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے ماہرین مختلف فصلوں کے ایسے بیج متعارف کرا رہے ہیں جو موسم کی سختی اور پانی کی کمی کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے متعارف کردہ کپاس کے بیج کسانوں میں بہت مقبول ہیں۔ وائس چانسلر نے اپنے دورے کے دوران کھجور کا پودا بھی لگایا ۔ اس دورے میں ڈاکٹر آصف نوید رانجھا چیئر مین شعبہ سوشل ورک ، افضال احمد ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور فیکلٹی ممبر ڈاکٹر راشد شاہین بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں