پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاری کرلی گئی

3 مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 10:17

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاری کرلی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2024ء ) پاکستان کی جانب سے ملک کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین کے قمری مشن چانگ ای سکس کا حصہ بن گیا، نیا مصنوعی سیارہ تیار کر لیا گیا ہے، مصنوعی سیارے کا وزن 7 کلو گرام ہوگا جس میں دو آپٹیکل کیمرے نصب ہوں گے، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں یہ مشن تین مئی کو روانہ کیا جائے گا۔

اس حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ 3 مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجا جائے گا، مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلاء میں بھیجا جائے گا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چائنا اور سپارکو کے اشتراک سے مکمل کی گئی ہے، چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں 2 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا اور مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی جب کہ چین کا سیٹلائٹ مشن چاند پر لینڈ کرے گا اور یہ مشن چاند کی مٹی جمع کرے گا۔

گزشتہ برس پاکستان کی پہلی خاتون خلاباز نمیرہ سلیم کامیابی سے خلائی سفر مکمل کرتے ہوئے زمین پر واپس پہنچی تھیں، نمیرہ سلیم خلا میں سفر کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں، 2006ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پر’پہلی پاکستانی خلاباز‘ کے طور پر تسلیم کیا گیا، 2007ء میں نمیرہ نے پاکستان کیلئے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں، وہ اپریل 2007ء میں قطب شمالی اور جنوری 2008ء میں قطب جنوبی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہیں، انہیں تاریخی فرسٹ ایورسٹ اسکائی ڈائیو 2008ء کے دوران مانٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں