حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور ملک میں زرعی انقلاب برپا کرنے کے لئے جدید بنیادوں پر اصلاح آبپاشی کا پروگرام شروع کر رکھا ہے، شیخ طاہر مسعود ،

منصوبہ کے لئے بہاول پور ڈویژن میں 2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،ریجنل منیجر پنجاب زرعی ترقیاتی

ہفتہ 13 دسمبر 2014 19:06

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) ریجنل منیجر پنجاب زرعی ترقیاتی منصوبہ برائے آبپاشی شیخ طاہر مسعود نے کہا ہے کہ حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور ملک میں زرعی انقلاب برپا کرنے کے لئے جدید بنیادوں پر اصلاح آبپاشی کا پروگرام شروع کر رکھا ہے۔اس منصوبہ کے لئے بہاول پور ڈویژن میں 2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وہ چک نمبر 144ڈی بی یزمان میں کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ ڈرپ اریگیشن پھلدار پودوں کی آبپاشی کا جدید سسٹم ہے جس سے نہ صرف پانی کے استعمال بلکہ وقت کی بھی بچت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں کینو، مسمی، گریپ فروٹ، انگور، امرود، انار اور زیتون کی کامیاب کاشت ہو گئی ہے جس سے سال 2017ء تک 13000ایکڑ اراضی ڈرپ اریگیشن سسٹم کے تحت آبپاشی کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈرپ اریگیشن سسٹم کی تنصیب کے لئے حکومت پنجاب نے 3ایکڑ سے 15ایکڑ تک رقبہ رکھنے والے کاشتکاروں کو فی کس 60فیصد فنڈ حکومت دے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈرپ اریگیشن کے طریقہ آبپاشی سے زراعت پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور کاشتکار خوشحال ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ بہاول پور ڈاکٹر حبیب اللہ حبیب نے بتایا کہ چولستان میں رہنے والے کاشتکاروں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ ساڑھے بارہ ایکڑ رقبہ رکھنے والے کاشتکار پانی کی کمی کے باعث اپنی زمینوں سے خاطر خواہ پیداوارحاصل نہیں کر پاتے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان کے علاقوں میں ڈرپ اریگیشن سسٹم کے ذریعہ باغات لگانا ممکن بنا دیا گیا ہے۔ڈی او واٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ اس طریقہ آبپاشی سے چولستانی کاشتکار 75فیصد تک پانی کے ضیاع کو کم کر سکیں گے اور فصلوں کی پیداوار میں 20سے 100فیصد اضافہ ممکن ہے۔ اسی طرح پیداواری اخراجات میں 20سے 35فیصد کمی اور لیبر اخراجات 30فیصد کم ہوں گے۔ بعد ازاں ریجنل منیجر پنجاب زرعی ترقیاتی منصوبہ آبپاشی شیخ طاہر مسعود نے ڈی او واٹر مینجمنٹ کے ہمراہ 68ڈی بی یزمان میں 5ایکڑ اراضی پر لگائے گئے کنو کے باغات میں ڈرپ اریگیشن سسٹم کا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں