ذہین طلبا و طالبات ملک وقوم کا اثاثہ ہیں ، ان کو بہترین تعلیم وتربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،کمشنربہاول پور ڈویژن نیئر اقبال

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:03

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) کمشنربہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کا زینہ ہے اور تعلیم کی مسلمہ اہمیت کو ہرقوم، معاشرے اور مذہب نے فوقیت دی ہے۔ ذہین طلبا و طالبات ملک وقوم کا اثاثہ ہیں ۔ ان کو بہترین تعلیم وتربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ بہاول پور کے زیر انتظام میٹرک کے اعلان نتائج اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر نیئر اقبال نے نمایاںپوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات ،ان کے والدین واساتذہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کامستقبل قابل اورباحوصلہ نوجوان نسل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کے نتائج اس بات کی نشان دہی کررہے ہیں کہ مضافاتی علاقوں کے طلبا و طالبات تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں جو ان کی محنت، لگن اور ذہانت کا ثمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کے پرچوں کوسخت میرٹ اور بارہا چیکنگ کے نظام سے پڑتال کی گئی ہے اور ان تمام مراحل کی انہوں نے نگرانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈبہاول پور کی ترقی اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ریجنل پولیس آفیسر بہاول پورفیصل رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو عملی زندگی میں اچھا انسان اور مفید شہری بننے کی جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ اچھی روایات پر عمل پیرا ہوکر وہ ملک و قوم کی بہترانداز میں خدمت کرسکیں۔

طلباء وطالبات آئندہ بھی اپنی اچھی کارکردگی کو برقرار رکھیں گے اور اپنی قابلیت و محنت سے دین و دنیا کی رفعتیں پالیں گے۔قبل ازیں کنٹرولر امتحانات پروفیسر طاہر جعفری نے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کے ناموں کا اعلان کیا اور نتائج کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری بورڈ عمران ارشد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بورڈ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں