صوبائی حکومت کا اجالا پروگرام ملک میں تعمیر و ترقی اورخوشحالی لائے،رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی کا بہاولپور ہونہار طالبات میں سولر ہوم سسٹم کا تحفہ دینے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 فروری 2013 22:28

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا اجالا پروگرام ملک میں تعمیر و ترقی اورخوشحالی لائے گا۔وہ ہفتہ کو یہاں گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول کجل پورہ بہاولپور میں ہونہار طالبات میں سولر ہوم سسٹم کا تحفہ دینے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ اس موقع پر ہیڈ مسٹریس مسز نائلہ حسن ، حسینہ بیگم ، والدہ ،اساتذہ اور طالبات موجود تھیں ۔

ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب علم دوست شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے تعلیم کے شعبہ پر اربوں روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام مکمل کرائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سولر لیمپس سے بچے لوڈشیڈنگ کے دوران بھی اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہونہار ، مستحق اور یتیم بچوں کیلئے ایچی سن اور صادق پبلک سکول کی طرز پر تعلیم فراہم کرنے کیلئے دانش سکول قائم کئے ہیں جہاں اعلیٰ معیار کی تعلیم بالکل مفت نیزرہائش اور خوراک اورکھیل وتفریح کی سہولیات بھی بلامعاوضہ فراہم کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ محنت اورلگن سے تعلیم حاصل کریں کیونکہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس سے دنیا مسخر کی جاسکتی ہے ۔قبل ازیں ہیڈ مسٹریس مسز نائلہ حسن نے سپانامہ پیش کرتے ہوئے سکول کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے سکول میں فرنیچر کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ بعدازاں ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی نے سکول طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں