بہاولپور چیمبر کے وفد کا بر یگیڈئر محمد عثمان پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی بہاولپور کی دعوت پر ڈی ایچ اے سائیٹ کا دورہ

) وفد کو ڈی ایچ اے میں جاری زیر تعمیر پروجیکٹس اور دیگر منصوبوں بارے مکمل بریفنگ، سائیٹ کا مکمل وزٹ کر وایا گیا

ہفتہ 25 جولائی 2020 18:50

H بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2020ء) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید اقبال چوہدری کی قیادت میں چیمبر کے ایک وفد نے بر یگیڈئر محمد عثمان پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (DHA) بہاولپور کی دعوت پر ڈی ایچ اے سائیٹ کا وزٹ کیا ۔وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد بلال، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی،سابق صدور امیر یوسف علی خان، ملک محمد اعجاز ناظم اور دیگر اراکین شامل تھے۔

سائیٹ وزٹ کے دوران چیمبر وفد کو ڈی ایچ اے میں جاری زیر تعمیر پروجیکٹس اور دیگر منصوبوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی اور سائیٹ کا مکمل وزٹ کر وایا گیاجس میں ولاء کمیونٹی ، ڈی ایچ اے سکول ، سنٹرل پارک، ڈانسنگ فائونٹینز ، ایجو کیشن انکلیو اوربین الاقوامی معیار کا شوٹنگ کلب وغیرہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر نے چیمبر کے وفد کو خوش آمدید کہا ، انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے بہاولپور بڑی تیزی سے تکمیل کے مراحل سے گزر رہا ہے اور متعدد پروجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے چیمبر کے وفد کو بتایا کہ ڈی ایچ اے میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نمل یونیورسٹی بھی قائم کی جارہی ہے جبکہ سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا قیام بھی کیا جائے گا ۔ ڈی ایچ اے میں سرمایہ کاری کے لیے انہوں نے چیمبر کے اراکین کو مکمل سپورٹ اور تعاون کا یقین دلایا ۔ صدر چیمبر جاوید اقبال چوہدری نے کہا کہ ڈی ایچ اے میں بہاولپور چیمبر کے متعدد اراکین نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے لیکن طویل مدتی اس منصوبے میں ابھی تک اس کا کوئی آئوٹ پٹ دکھائی نہیں دے رہا ۔

اس کے علاوہ چیمبر کے وفد میں موجود دیگر اراکین نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس منصوبے میں بہت سے مسائل حل طلب ہیں جس پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے تمام حل طلب مسائل کے ازالے کے لیے یقین دہانی کرائی ۔صدر چیمبر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بہاولپور چیمبر اور ڈی ایچ اے کے مابین ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کے لیے بھی رضا مندی ظاہر کی اور اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں جانب سے ہر ماہ ایک ملاقات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ملاقات کے آخر میں صدر چیمبر اور دیگر اراکین چیمبر کو ڈی ایچ اے کی جانب سے سوینئربھی پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں