پو ری قوم کے اس وقت حوصلے اور جذبے بلند ہیں، وسیم اختر

بھارت نے پاکستانی سرزمین پرجنگ کاآپشن استعمال کیاتو20کروڑ اہلیان پاکستان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دشمن کوناکوں چنے چبوادیں گے پاکستان لاالٰہ الااللہ کے نام پربناتھا اورانشاء اللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔، دفاع پاکستان ریلی سے خطاب

پیر 7 ستمبر 2015 20:06

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈرپنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ پو ری پاکستانی قوم کے اس وقت حوصلے اور جذبے بلند ہیں۔اگر بھارت نے پاکستانی سرزمین پرجنگ کاآپشن استعمال کیاتو20کروڑ اہلیان پاکستان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دشمن کوناکوں چنے چبوادیں گے۔پاکستان لاالٰہ الااللہ کے نام پربناتھا اورانشاء اللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

وہ فرید گیٹ پر شباب ملی کی جانب سے نکالی گئی دفاع پاکستان ریلی سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ 6ستمبر ملک وقوم کے لئے باعث فخر دن ہے کہ جب پاکستانی قوم نے متحد ہوکر بڑی دلیری کے ساتھ دشمن کامقابلہ کیا اور بے مثال جذبوں سے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا تھا۔

(جاری ہے)

6 ستمبروہ دن ہے کہ جس دن پاکستان کے مسلح افواج نے جرات اور بہادری کی ایک ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک درخشاں رہے گی۔

6ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کے باب کا ایک سنہری ورق ہے جب قوم کے سپوتوں نے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرکے دشمن کے عزائم خاک میں ملادیئے اور اس کو شکست فاش دی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں بھارت کا جنگی جنون دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔جب سے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر عملدرآمد کاآغازہوا ہے اس وقت سے بھارتی جارحیت میں بھی تیزی آگئی ہے۔

مسلسل پاکستانی سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ جاری ہے۔گزشتہ تین ماہ کے دوران ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر ہندوستانی جارحیت سے اب تک بیسیوں پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے خلاف قوم کو ایک مرتبہ پھر سے 65ء والے جذبے کی ضرورت ہے۔آج کے دن ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا چاہئے کہ پاکستان کی سلامتی پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے اوروطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ملکی سلامتی پرپوری قوم متحدہے بھارت نے اگرپھر سے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی توماضی سے زیادہ گہری چوٹ کھائے گا۔ریلی سے شباب ملی کے ضلعی صدر عمران گورائیہ ،نائب صدر شعیب مغل اور جنرل سیکرٹری عثمان گورائیہ نے بھی خطاب کیا بعد ازاں شباب ملی کے نوجوانوں نے موم بتیاں جلا کر پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں