بہاولپور ٬ چولستان میں کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کا انعقاد سپورٹس ہنٹنگ اور قانونی شکار کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ٬خالدعیاض خان

اتوار 16 اکتوبر 2016 19:30

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء)ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ چولستان میں کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کے لئے آنے والے شکاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کسی طرح بھی بین الاقوامی معیار سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو شکار کے لئے آنے والے شکاریوں سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایات دی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چولستان میں کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کا انعقاد سپورٹس ہنٹنگ اور قانونی شکار کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔انہوں نے یہ بات آج یہاں لال سہانرا چولستان بہاولپور میں کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شکاریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اعزازی چیف گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ٬ ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف بہاولپور ریجن سلیم اختر لنگاہ٬ چیئرمین آپریشنل کمیٹی عبدالشکور منج کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے شکاریوں کو بتایا کہ ہنٹنگ کیمپ میں شکایوں کی رہائش اور طعام کا معقول بندوبست کیا گیا ہے اور انہیں گھر جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی عمر کو پہنچنے والے کالے ہرن اور چنکارہ کا شکار ان کی نسل میں اضافے اور انہیں محفوظ بنانے کے عمل کا حصہ ہے۔ شکار کے لئے آئے ہوئے میاں شعیب ٬میاں عثمان اور دیگر شکاریوں نے محکمہ جنگلی حیات کی طرف سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سائوتھ افریقہ٬ سکاٹ لینڈ اور تنزانیہ میں بھی شکار کھیل چکے ہیں۔

قبل ازیں ڈی جی جنگلی حیات نے چولستان کی مختلف آبادیوں کے سرکردہ لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ چولستان میں کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ سے حا صل ہونے والی رقم مقامی علاقے کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی اور علاقے کی جنگلی حیات کے تحفظ کے عمل میں چولستان کے مقامی لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کی کامیابی کے بعد اس کا ہر سال باقاعدگی سے انعقاد کروایا جائے گا۔

ڈی جی جنگلی حیات نے مقامی لوگوں کو بتایا کہ کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ کے دوران پہلے سے طے کردہ اصول و ضوابط اور شرائط پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی شکاری کو کوئی رعائت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالے ہرن کی ٹرافی ہنٹنگ کیلئے 2لاکھ روپے جبکہ چنکارہ کیلئے 75ہزار روپے قیمت مقررکی گئی ہے اور شکاریوں کوصرف نرٹرافی ہنٹنگ کی ہی اجازت دی گئی ہے۔

خالد عیاض خان نے چولستان کے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ علاقوں کی بنیاد پر تنظیم سازی پر توجہ دیں اور اپنے نمائندے منتخب کریں جو محکمہ جنگلی حیات کے ساتھ باہمی مشاورت سے علاقے کی ضروریات کے مطابق ترجیحی ترقیاتی کاموں اور مسائل بارے بتائیں تاکہ ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم ان علاقوں کے ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جا سکے۔ بعد ازاں مقامی کمیونٹی کے لوگوں نے ڈی جی جنگلی حیات کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور علاقے کی فلاح و بہبود میں حکومت کی دلچسپی پر تشکر کا اظہارکیا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں