"ہر پتھر کے نیچے ایک مکان ہے"

پہاڑ پر بجلی گری بادل پھٹے پھر اچانک پانی کا ایسا ریلا آیا جو ساتھ بڑے بڑے پتھر لایا اور آناً فاناً پورا گاؤں تباہ کر گیا، بونیر میں ہونے والی خوفناک تباہی کی مزید تفصیلات سامنے آ گئی

muhammad ali محمد علی پیر 18 اگست 2025 20:58

"ہر پتھر کے نیچے ایک مکان ہے"
بونیر ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 اگست 2025ء ) "ہر پتھر کے نیچے ایک مکان ہے" پہاڑ پر بجلی گری بادل پھٹے پھر اچانک پانی کا ایسا ریلا آیا جو ساتھ بڑے بڑے پتھر لایا اور آناً فاناً پورا گاؤں تباہ کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع بونیر میں ہونے والی خوفناک تباہی کی مزید تفصیلات سامنے آ گئی۔ بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق "بشنوئی سرسبز پہاڑوں میں گھرا خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر کا ایک خوبصورت گاؤں تھا جس کے بیچوں بیچ ایک خوبصورت ندی بہتی تھی۔

اس ندی کے ساتھ مکان تھے۔ 15 اگست کی صبح بشنوئی کے لوگ صبح سویرے اٹھے اور اپنے اپنے کام پر چلے گئے تھے۔ بچوں کے سکول جانے کے بعد خواتین گھروں کے کاموں میں مصروف ہو گئیں۔ یہ سب اس بات سے بے خبر تھے کہ اگلے لمحوں میں کیا ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

اس صبح شدید بارش ہوئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اچانک پانی کا ایسا ریلا آیا جو "اپنے ساتھ بڑے بڑے پتھر لایا اور راستے میں آنے والی عمارتیں ملیا میٹ کرتا ہوا آنا فانا پورا گاؤں تباہ کر گیا۔

" اگلے روز جب علاقے کا دورہ کیا گیا تو "بشنوئی گاؤں میں بڑے بڑے پتھر، کنرکیٹ کے بلاکس اور جڑوں سے اکھڑے ہوئے درخت نظر آئے۔ہر شخص ہی پتھروں کو دیکھ دیکھ کر گزر رہا تھا جبکہ ٹولیوں کی شکل میں ریسکیو اہلکار اور مقامی لوگ جگہ جگہ پتھر ہٹانے کے کام مصروف تھے۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہر پتھر کے نیچے ایک مکان ہے۔ یہ پتھر یہاں نہیں تھے۔

جمعہ کے روز جو آسمانی بجلی اوپر پہاڑ پر گری اور پھر وہاں بادل پھٹے تو پانی کا ریلا یہ پتھر بھی بہا لایا۔ آپ یہ نہ سمجھیں کہ آپ زمین پر چل رہے ہیں۔ یہ اس وقت آپ کسی مکان کی دوسری چھت اور کسی مکان کی تیسری منزل پر کھڑے ہیں۔ مکان تو نیچے دب گئے ہیں۔ یہ پتھر اور چٹانیں یہاں کی نہیں ہیں۔ لوگ ان پتھروں کے نیچے جھانکنے کی کوشش کرتے ہیں کہ شاید وہ کسی کو تلاش کر لیں۔"

متعلقہ عنوان :

بونیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں