پولیو مہم بارے ایڈوکیسی اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 18 ستمبر 2021 16:39

پولیو مہم  بارے ایڈوکیسی اجلاس کا انعقاد
چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2021ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر چاغی کے زیر اہتمام اور یونیسیف کی تعاون سے پولیو مہم کے متعلق ایک ایڈوکیسی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کہور بلوچ سمیت مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی کارکنوں اور مقامی معتبرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں چپ ٹریننگ اینڈ کنسلٹنگ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسر تاج محمد سنجرانی اور ڈبلیو ایچ او کے امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی نے شرکاء کو پولیو وائرس کے پھیلاؤ سمیت ماضی کے پس منظر، احتیاطی تدابیر، ویکسینیشن کے فوائد اور معاشرے کے مختلف طبقات کی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں قابو پانے کے بعد یہ مہلک وائرس اب صرف افغانستان اور پاکستان تک محدود ہوچکا ہے جس کی تدارک کے لیے وقتاً فوقتاً پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا مہم چلایا جاتا ہے تاکہ پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور ہونے سے بچایا جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس منہ سے داخل ہوکر انتڑیوں میں اپنی تعداد بڑھانے کے بعد فضلے سے پھیلتی ہے جس کے پھیلاؤ کی ایک بڑی سبب نالیوں کا پانی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس حرام مغز اور دماغ پر حملہ آور ہوتی ہے جس کی وجہ سے جسم میں معذوری پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے پولیو مہم کے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1992 سے جاری اس مہم کی وجہ سے پاکستان کی اکثریتی آبادی نہ صرف پولیو سے محفوظ رہی بلکہ تمام پروپیگنڈے بے بنیاد ثابت ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام بڑے پائے کے علماء کرام اور طبی ماہرین نے بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو ضروری قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو چونکہ ایک وائرس ہے جو ایک بچے سے کم از کم دو سو بچوں کو متاثر کرسکتی ہے اس لیے اس وائرس پر قابو پانے کے لیے زیادہ زور لگایا جاتا ہے تاکہ پاکستان اس وائرس سے محفوظ ہوکر سفری اور اقتصادی پابندیوں کا شکار نہ بنے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کہور بلوچ نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کہور بلوچ نے پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پاکر پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا. پولیو کے خلاف پانچ روزہ قومی مہم پیر 20 ستمبر سے شروع ہوگا۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں