فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے ذمہ دار ملزم گرفتار

ملزمان جائے وقوعہ کے قریب واقع بلند عمارت پر پتنگ بازی کررہے تھے، تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے حراست میں لیا۔ پولیس کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 11:15

فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے ذمہ دار ملزم گرفتار
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے ذمہ دار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ ڈجکوٹ روڈ پر ڈور پھرنے سے نوجوان آصف کے جاں بحق ہونے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے نوجوان کی موت کا باعث بننے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی ملزم عابد کو حراست میں لیا گیا، جس کے بعد مرکزی ملزم کے انکشاف پر اس کے دیگر ساتھیوں کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی، یہ تمام ملزمان جائے وقوعہ کے قریب واقع بلند عمارت پر پتنگ بازی کررہے تھے، ملزمان کے زیر استعمال چھت سے جلا ہوا پتنگ بازی کا سامان بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے لی، 22 سالہ آصف کی عید سے چار روز بعد شادی تھی، تاہم شادی سے چند روز پہلے ہی اس نوجوان کے گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے کا یہ افسوسناک واقعہ پیش آگیا جہاں ناولٹی پل کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ رپورٹ ہوا، ڈور پھرنے کے بعد 22 سالہ آصف موٹر سائیکل سے گر پڑا اور مسلسل خون بہنے کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیا، مریم نواز شریف نے پولیس کو پتنگ بازی کے سدباب کےلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی، انہوں نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کی روک تھام میں ناکامی پر اظہارِ برہمی کیا، انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی خونی کھیل بن چکا ہے اور قابل سزا جرم ہے، تفریح کیلئے کسی شہری کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں