ملت ایکسپریس واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، بھائی نے خاتون کے قتل کا الزام عائد کردیا

پھپھو اونچی آواز میں ورد کر رہی تھیں، پولیس اہلکار نے شور مچانے پر اعتراض کیا اور تشدد شروع کردیا، پولیس اہلکار پھپھو کو ساتھ لے گیا ہمیں اگلے اسٹیشن پر اتارا۔ خاتون کے ساتھ موجود بچے کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 15:54

ملت ایکسپریس واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، بھائی نے خاتون کے قتل کا الزام عائد کردیا
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، بھائی نے بہن کے قتل کا الزام عائد کردیا جب کہ خاتون کے ساتھ موجود بچے نے بھی بیان دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو عملے کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 8 اپریل کو خاتون کے چلتی ٹرین سے کودنے کی رپورٹ ملی، پتا چلا کہ صبح ساڑھے 6 بجے چنی گوٹھ کے مقام پر خاتون ٹرین کی کھڑکی سے کودی اور خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، مذکورہ خاتون بچوں کے ہمراہ کراچی سے فیصل آباد جا رہی تھی، بچوں نے بتایا کہ خاتون پر جنات کا سایہ تھا، لوگوں کے روکنے کے باوجود خاتون نے کھڑکی سے چھلانگ لگائی۔

خاتون کے بھائی افضل نے کہا ہے کہ جاں بحق خاتون کا نام مریم اور تعلق جڑانوالہ کے چک 648 گ ب سے تھا، مریم 7 اپریل کو کراچی سے بذریعہ ملت ایکسپریس روانہ ہوئی، بہاولپور پولیس نے 8 اپریل کو بہن کی ٹرین سے گر کر ہلاکت کی اطلاع دی، ٹرین حادثہ سمجھ کر 9 اپریل کو گاؤں میں تدفین کردی لیکن ویڈیو وائرل ہونے پر بہن پر تشدد اور واقعے کے پس پردہ حقائق کا علم ہوا، پولیس اہلکار نے مریم پرتشدد کیا اور قتل کرکے لاش ٹریک پر پھینک دی، قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

خاتون کے ساتھ موجود اس کے بھتیجے غالب حماد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں اس وقت پھپھو کے ساتھ موجود تھا، وہ اونچی آواز میں ورد کر رہی تھیں، پولیس اہلکار نے شور مچانے پر اعتراض کیا اور تشدد شروع کردیا، پولیس اہلکار پھپھو کو ساتھ لے گیا اور ہمیں اگلے اسٹیشن پر اتارا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون پر تشدد میں ملوث اہلکار سے متعلق پولیس کے مؤقف میں تضاد سامنے آیا کیوں کہ ایک طرف تو پولیس کا کہنا ہے کہ ’اہلکار میر حسن کی ضمانت گرفتاری کے اگلے دن 13 اپریل کو ہوئی، اہلکار میر حسن پولیس لائن کراچی میں تعینات ہے‘ جب کہ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ ’اہلکار میر حسن معطل ہے اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے‘۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خاتون اور بچے پر چلتی ٹرین میں پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی، اس واقعے کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، تاہم خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا بعد ازاں خاتون کی لاش ملی تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں