ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے مختلف اداروں/محکموں کو 224 غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو یوٹیلٹی سروسز فراہم نہ کرنے کے بارے میں تحریر

ہفتہ 25 مئی 2024 22:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2024ء) ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے مختلف اداروں/محکموں کو 224 غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو یوٹیلٹی سروسز فراہم نہ کرنے کے بارے میں تحریر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ہاؤسنگ سکیمیں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سیٹیز ایکٹ، پنجاب ڈویلپمنٹ اٹھارٹیز پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز رولز 2021 کے تحت لینڈ سب ڈویژن کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہیی لہذا ان غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں نہ صرف سوئی گیس و بجلی کے کنکشنز فراہم نہ کئے جائیں بلکہ اگر یہ سروسز پہلے فراہم کردی گئی ہیں تو انہیں فوری طور پر منقطع کر دیا جائے اسی طرح ان غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے پلاٹس کی رجسٹری اور انتقالات پر پابندی کے علاوہ گھروں کے مجوزہ نقشہ جات کی منظوری نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی ہدایات پر شعبہ ٹائون پلاننگ ii کی طرف سے نئے سرے سے ان اقدامات کا آغاز کیاگیاہے جبکہ اس سے قبل بھی ایف ڈی اے کی طرف سے متعلقہ اداروں کو متعدد بار تحریرکرنے کے علاوہ یاد دھانی کے خطوط بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔ ایف ڈی اے کی طر ف سے جن اداروں /محکموں کو تحریرکیاگیاہے ان میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمٹیڈ (SNGPL)،فیسکو، ضلعی محکمہ مال، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل ودیگرمحکمہ جات شامل ہیں جنہیں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی فہرست مہیا کرکے کہاگیاہے کہ جن ہائوسنگ سکیموں کی ایف ڈی اے کی طر ف سے منظوری حاصل نہیں کی گئی ہے انہیں یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی پر پابندی عائد کردی جائے تاکہ بلامنظوری ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔

ابتدائی طور پر جن غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی فہرست متعلقہ اداروں، محکموں کو فراہم کی گئی ہیں ان میں سرگودھا روڈ کے اطراف میں واقع 79 غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں، کینال روڈ بائیں جانب 86 اور جھنگ روڈ ایسٹ میں واقع 159غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں شامل ہیں۔ایف ڈی اے انتظامیہ نے عوام الناس کو بھی مطلع کیاہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خرید نے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں