فیصل آباد، ڈویژن بھر میں سرکاری محکموں سے متعلق لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں،آصف اقبال چوہدری

جمعہ 15 فروری 2019 22:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں سرکاری محکموں سے متعلق لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اس مقصدکے لئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہری اپنے مسائل کھل کر بیان کرسکیں۔انہوں نے یہ بات آر پی او غلام محمود ڈوگر کے ہمراہ میونسپل کمیٹی کے لان میں کھلی کچہری لگا کر لوگوں کے مسائل/شکایات سنتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید،ڈی پی او صادق علی ڈوگر،ایم پی اے سعید احمد سعدی،چیئرمین بلدیہ میاں شہزاداحمد،سیاسی رہنما چوہدری اشفاق ودیگر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر رائے واجد علی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران سمیت محکموں کے ضلعی افسران کھلی کچہری میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر لوگوں کے مسائل سے آگاہی کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کے علاوہ کھلی کچہریوں کے انعقادکا بھی پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ محکموں کے افسران کی موجودگی میں عوام سے رابطہ کیا جائے اور ان کی شکایات ومسائل کو حل کرنے کے لئے موقع پر ہی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے تاکہ درخواست گزار کو جلدازجلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے بعض شکایات پر ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ محکمہ مال کے سٹاف کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھیں اور بدعنوان ملازمین کا کڑااحتساب کیا جائے۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں،رورل اوربنیادی ہیلتھ مراکز میں علاج معالجہ کی مستعد سہولیات کو یقینی بنائیں اورغیر حاضر سٹاف کو نوکری سے فارغ کریں ۔ڈویژنل کمشنر نے دیگر محکموں سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ شہریوں کے لئے قابل رسائی رہیںاور ان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیں۔

آرپی او غلام محمود ڈوگر نے پولیس سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس میں کوتاہی کرنے والے پولیس افسران جواب دہ ہوں گے۔انہوںنے ہدایت کی کہ مختلف وارداتوں کے مقدمات درج کرنے میں تاخیر نہ کریں اور درج مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے لئے حتی المقدور کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں زیادہ وارداتیں رپورٹ ہوں گی وہاں کے تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا لہذا لوگوں کے جان ومال کے تحفظ سے کوتاہی نہ برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں سائلان کے ساتھ اچھا برتائو ہونا چاہیے اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے پٹرولنگ میں اضافہ سمیت اشتہاری ملزموں کی گرفتاریوں کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔

ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید اورڈی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ لوگوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ صحت،تعلیم اورمحکمہ مال سمیت دیگر محکموں کے بارے میں لوگوں کے مسائل حل کریں گے جبکہ مظلوم افراد کی دادرسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

ایم پی اے سعید احمد سعدی اور چوہدری محمداشفاق نے کھلی کچہری کے انعقادپر ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری،آر پی او غلام محمود ڈوگر اور مقامی انتظامیہ کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب افسران کے رابطے سے مسائل کے جلد حل میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کے اقدامات سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ لوگوں کو حقیقی تبدیلی کے مثبت اثرات نظر آرہے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں