فیصل آباد، موجودہ سیزن میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کے لئے موثر اقدامات جاری رہنے چاہیں‘ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو سخت تاکید کی ہے کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کے لئے موثر اقدامات جاری رہنے چاہیںتاکہ ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہو سکے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈویژن بھر میں ڈینگی کے انسداد کے سلسلے میں انسدادی کارروائیوں کی تفصیلات کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ آئندہ پندرہ سے بیس ایام ڈینگی لاروا کی افزائش کے حوالے سے حساس نوعیت کے ہیں لہذا ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو وقفے وقفے سے چیک کیا جائے تاکہ کوئی جگہ کلیئرنس کے بغیر نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کباڑ خانوں،ٹائر شاپس،قبرستانوں،پودوں کی نرسریوں اور دیگر مشتبہ جگہوں پر بھی گہری نظر رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ شہریوں کی آگاہی کے لئے موثر اور نتیجہ خیز مہم جاری رہنی چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں معمولی سی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں انسدادی کارروائیوں کی نگرانی جاری رکھیں اور روزانہ رپورٹ سے انہیں بھی آگاہ رکھا جائے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے انسداد ڈینگی اقدامات پربریفنگ دی جبکہ ضلعی کوآرڈینیٹر نے سرویلنس سرگرمیوں کے نتائج سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں