ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا جڑانوالہ کا دورہ، ہوٹلز وتندوروں پر روٹی، نان کی مقررکردہ قیمتوں کی چیکنگ

جمعرات 25 اپریل 2024 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے جمعرات کے روز جڑانوالہ کا دورہ کیا اور اس موقع پر مختلف تندوروں پر روٹی، نان کی مقررکردہ قیمتوں اور وزن کے مطابق فروخت کو چیک کیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ روٹی ونان کی مقررہ قیمت پر فروخت اور پورا وزن ہونے کو یقینی بنائیں، اس ضمن میں انسپکشن کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی دورہ کیا اورمختلف وارڈز میں جاکر مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کے عمل کو چیک کیا۔انہوں نے ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور ہسپتال میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثنا ڈپٹی چیف آفیسر،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عظمت فردوس نے روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر تین تندوروں وہوٹلز مالکان کو15ہزار روپے جرمانہ کیا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی ہدایات پر کینال روڈ اور دیگر مقامات پر ہوٹلز وتندورپر روٹی ونان کی مقررہ قیمت پر فروخت اور وزن کو چیک کرنے کیلئے 35 انسپکشنز کیں اورپرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں