ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واسا ڈویلپمنٹ سے متعلق اجلاس

ہفتہ 14 جون 2025 21:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واسا ڈویلپمنٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہو ا۔ اجلاس میں واسا حکام سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیف آباد، نعمت آباد، اچکیرہ، نیٹھری اور دیگر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے اور ایک ماہ کے اندر تمام تر تعمیراتی و نکاسی آب کے منصوبے مکمل کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بارشی پانی سے ہونے والی مشکلات سے فوری ریلیف کیلئے مؤثر اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ان علاقوں میں پانی نکالنے کے لئے فوری مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واسا حکام فیلڈ میں موجود رہ کر کاموں کی خود نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسی قسم کی سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے عزم کا اظہار کیا کہ شہری سہولیات کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں