گلگت بلتستان اسمبلی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر اور رفقاء کی اچانک موت پر تعزیتی قرار داد پیش

بدھ 22 مئی 2024 17:06

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) گلگت بلتستان اسمبلی میں ایران میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور رفقاء کی اچانک موت پر تعزیتی قرار داد پیش کی گئی جس میں ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ ، گورنر مشرقی آذربایجان مالک رحمتی، امام محمد علی الہاشم اور دیگر رفقاء کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امجد ایڈووکیٹ کی طرف سے پیش کی گئی اس قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر افراد کی اس شہادت نے عالم اسلام کو سوگوار بنا دیا ہے اور عالم اسلام ایک عظیم رہنماء سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گئے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

مرحوم ایرانی صدر نے ہمیشہ ایران اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ صدر ابراہیم رئیسی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔ غم کے اس موقع پر ہم ایرانی عوام اور شہداء کے خاندان اور بلخصوص سید علی خامنہ ای رہبر معظم ایران کے ساتھ تعزیت پیش کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان اسمبلی کا یہ معزز ایوان اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہے کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں