وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے پاکستان میں متعین آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹم کین کی ملاقات

پیر 17 اگست 2026 19:35

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2026ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے پاکستان میں متعین آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹم کین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا گلگت بلتستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے خطے کو درپیش چیلنجز اور کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں تقریباً 800 گلیشیرز موجود ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گلیشیرز تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے گلاف (GLOF) اور فلیش فلڈ جیسے حوادث میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور متعدد گھر ان آفات کی نذر ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان تقریبا 1,200 منفرد دیہی علاقوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت دیہی معیشت کے فروغ کے لیے ''ون ویلج ون پروڈکٹ'' (One Village One Product) کے ماڈل پر کام کر رہی ہے۔

گلیشیرز کے تحفظ اور تحقیق کے لیے گلیشیرز پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ خطے میں انرجی، سیاحت، معدنیات، زراعت، ڈیری اور فش فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت کی ترجیح فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ قیمتی پتھروں (جیم سٹونز)کی انڈسٹری کے قیام اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکردو کے بعد اب گلگت میں بھی بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ مواصلاتی مسائل حل کر کے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے آسٹریلوی حکومت سے موسمیاتی تبدیلی، زراعت، تعلیم، سکالرشپس اور خواتین کی بااختیاری کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی اور تعاون کی سفارش کی۔اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹم کین نے زراعت، تعلیم اور ڈیری میں جاری تعاون کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے سمیت دیگر شعبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

انہوں نے گلیشیرز پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام اور صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ملاقات کے دوران آسٹریلوی ہائی کمشنر نے 2022 میں کے ٹو (K2)سر کرنے کے دوران لاپتہ ہونے والے آسٹریلوی کوہ پیما کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت پاکستان کے زرعی و تعلیمی شعبوں میں پہلے سے ہی کام کررہی ہے اور اس تعاون کو مزید تقویت دی جائے گی اور لائیوسٹاک کے بہترین اقسام / نسل کو پاکستان اور گلگت بلتستان میں متعارف کرانے پر غور کیا جائے گا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ امجد حسین کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ نے منصب پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں