نیشنل آئس سپورٹس چیمپئن شپ اپر ہنزہ کے گائوں گلکن میں اختتام پذیر

جمعرات 27 جنوری 2022 23:44

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) نیشنل آئس سپورٹس چیمپئن شپ اپر ہنزہ کے گائوں گلکن میں اختتام پذیر ہوئی۔مردوں کی کیٹیگری میں التیت اسکارف کی ٹیم جبکہ گلکن کی گرلز ٹیم نے خواتین کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ایونٹ کا انعقاد پاکستان ونٹر اسپورٹس فیڈریشن اور غلکن ونٹر کلب نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے اشتراک سے کیا۔

تقریب میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، جی بی اسکاٹس، پی اے ایف، اسکردو، یاسین غذر، خلتی غذر، نگر، التیت ہنزہ، گلکن ہنزہ، کریم آباد ہنزہ اور چوپرسن ہنزہ سے مردوخواتین کی کل 21 ٹیموں نے حصہ لیا۔اختتامی تقریب میں این ایل آئی کے کمانڈر میجر جنرل جواد احمد، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا، گلگت بلتستان کے سینئر منسٹر کرنل (ر)عبید اللہ بیگ، چیف سیکرٹری (ر)کیپٹن محمد آصف، جی بی ونٹر اسپورٹس فیڈریشن کے صدر (ر)محمد آصف، کرنل امجد ولی، اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے سنسنی خیز آئس ہاکی کے میچوں کا مشاہدہ کیا۔پانچ روزہ قومی آئس سپورٹس مقابلوں کا آغاز 18 جنوری کو گلکن میں ہوا۔ فیسٹیول کے دوران دستکاری اور کھانے پینے کے کئی سٹالز لگائے گئے، نوجوانوں اور بزرگوں نے روایتی موسیقی پر بھی رقص کیا۔اختتامی تقریب کے دوران جیتنے والوں میں انعامات، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

ضلع نگر کی ہوپر ویلی سے تعلق رکھنے والی چار سالہ ماہ نور نے مقابلے میں حصہ لینے والی سب سے کم عمر ترین لڑکی کا اعزاز حاصل کرنے ساتھ ساتھ آئس سکیٹنگ مقابلے میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔آئس ہاکی، آئس کلائمبنگ، مانٹین سائیکلنگ اور موسم سرما کے دیگر کھیل ایونٹس اس کا حصہ تھے۔ اختتامی تقریب گلکن میں منعقد ہوئی جس میں فورس کمانڈر ناردرن ایریاز کے فورس کمانڈر میجر جنرل جواد احمد مہمان خصوصی تھے۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب آفتاب الرحمان رانا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جیتنے والوں میں میڈلز اور ایوارڈز تقسیم کیے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں