ماہ ولادت آقا دو جہاں ﷺ کے سلسلہ میں پولیس لائنز میں سیر ت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

Shahid Bashir Kamboh شاہد بشیر کمبوہ جمعرات 14 اکتوبر 2021 11:37

ماہ ولادت آقا دو جہاں ﷺ کے سلسلہ میں پولیس لائنز میں سیر ت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2021ء) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گجرات میں میلاد النبی ﷺکے سلسلہ میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی او گجرات عمر سلامت،ایس پی انویسٹی گیشن عمران رزاق، ڈی ایس پیز سمیت پولیس افسرا ن و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر طارق سلیم کو خصوصی طور پرمدعو کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعدپولیس کے جوانوں نے شان رسالت ﷺ میں نعت خوانی کی۔ڈاکٹر طارق سلیم نے حضر ت محمد ﷺ کی سیرت اور اسوہ حسنہ سے متعلق تقریب کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔جس میں انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، نبی اکرم ﷺ کی پوری زندگی قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے۔

(جاری ہے)

ہم آپ ﷺ کے نقش قدم پر چل کر دنیا و آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔اس موقعہ پر ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہ ربیع الاول کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ سیرت النبی ﷺ کو ہم نے اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کرنا ہے۔ہم نے سیرت النبی ﷺ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے کردرار کے اندر وہ تبدیلیاں لانی ہے جس سے ہم دنیا و آخرت دونوں میں سرخرو ہو سکیں۔

آپ ﷺ نے دنیا کو شفقت،رحمدلی،بھائی چارے اور آپس میں پیار و محبت کا در س دیا اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کی ہے، ہمارا مذہب اسلام رنگ،نسل اور ذات پات کی بنیاد پر کسی تفریق کا روادار نہیں، اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور اس میں انتہاپسندی،فرقہ واریت اور دہشت گردی جیسی برائیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔آئیے ہم سب اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ ہم ہر قسم کی مذہبی منافرت سے بالاتر ہو نبی اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ اور ان کی تعلیمات کی پیروی کریں گے اورملک و قوم کی بہتری کے لئے اپنے حصہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔سیرت کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شرکاء کے لئے کھانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں