ضلعی انتظامیہ آئندہ مون سون میں ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 16 مئی 2024 18:40

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ریسکیو 1122کے زیر اہتمام سیلابی صورتحال میں ریسکیو اینڈ ریلیف کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز، ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد،ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع اطہر لطیف سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی او سول ڈیفنس محمد اشفاق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی او ریسکیو 1122 عمر اکبر گھمن نے سیلابی صورتحال میں نمٹنے کے لئے ر یسکیو اینڈ ریلیف کی تیاریوں بارے بریفننگ دی، مشقوں میں ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،پولیس، ریونیو،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا اور سیلابی صورتحال میں دریا کنارے آباد افراد کو آگاہی، پانی میں پھنسے افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کرنے، متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی، ریلیف کیمپوں کے قیام اور تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مشقوں کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کے لئے استعمال ہونیوالی مشینری کے سٹالز لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ آئندہ مون سون میں ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور تمام وسائل کو آپریشنل کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی مشقوں کا مقصد اس حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا، ابھی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے،عملی مشقوں سے تمام اداروں کے دستیاب وسائل،آپس میں باہمی روابط،ممکنہ سیلاب پر ریسپانس اور آلات کی تیاریوں کا پتہ چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات کے باعث ممکنہ سیلاب سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں،ریسکیو 1122 ہمارا فخر اور دوسروں کیلئے رول ماڈل ہیں،متاثرین کی ہر قسم کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مشقوں میں حصہ لینے والے تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔\378

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں