محترمہ فریال تالپور کے خلاف رٹ( ن) لیگ کی بیمار ذہنیت کی عکاس ہے ‘بازل علی نقوی، ظفر شاہ کی جانب سے انکے خلاف رٹ پر پیپلز پارٹی کے ہر کارکن کی دل آزاری ہوئی‘( ن) لیگ کی مرکزی قیادت کو فوری نوٹس لینا چاہیے‘وزیر اطلاعات

جمعہ 1 نومبر 2013 16:26

ہری پور (۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ) آزا د جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات سیدبازل علی نقوی نے کہا ہے کہ محترمہ فریال تالپور کے خلاف رٹ ن لیگ کی بیمار ذہنیت کی عکاس ہے ،اس طرح کے حربوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماوں کو عوامی خدمت سے دور نہیں کیا جا سکتا ،ہم عوامی لوگ ہیں او ر عوام ہی ہماری ترجیحات کا حاصل ہیں ۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے وزیر اعظم چوہدری عبد المجید کی قیادت میں ہر ضلع میں نہ صرف سکولوں ،کالجوں بلکہ یونیورسٹیوں کا جال بچھا دیاہے ۔

تین میڈیکل کالج ،وومن یونیورسٹیاں ،کیڈٹ کالج ،آئی ٹی یو نیورسٹی او نیلم میں آزادجموں و کشمیر یونیورسٹی کا کیمپس موجودہ حکومت کے ایسے کارنامے ہیں جن کی مثال گذشتہ 65 سال میں نہیں ملتی ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ہری پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔

(جاری ہے)

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ محترمہ فریال تالپورعوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی نہ صرف خود نگرانی کرتی ہیں بلکہ وہ اس سلسلے میں گائیڈ لائن بھی مہیا کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ظفر شاہ کی جانب سے ان کے خلاف رٹ پر پیپلز پارٹی کے ہر کارکن کی دل آزاری ہوئی ہے جس کا ن لیگ کی مرکزی قیادت کو فوری نوٹس لینا چاہیے اور اس طرح کے جمہوریت کش اقدامات سے گریز کرنا چاہیے ۔وزیر اطلاعا ت نے کہا کہ فوری طو ر پر اس رٹ کو واپس لیا جائے اور ظفر شاہ پی پی پی کے کارکنوں سے معافی مانگیں ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ وزیرا عظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلیے پر عزم ہے اور اس کے لئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے اور اس سلسلے میں حکومتوں کی یہ کوشش ہے کہ اپنے وسائل کا زیادہ تر حصہ اس مقصد کے لئے صرف کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی اپنے بجٹ کا زیادہ حصہ تعلیم کے لئے مختص کیا او ر اس حوالے سے کئی انقلابی اقدامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کو سیاحت کا مرکز بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور اس کے لئے حکومت نے بیرون ملک سرمایہ کاروں سے بھی کہا ہے کہ وہ آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کریں ۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں