معاشرہ میں مثبت سوچ و فکر کا فروغ میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے، معاشرتی اصلاح کیلئے تنقید انتہائی ضروری ہے

معاشرتی اصلاح کیلئے جہد مسلسل اور کلمہ حق بلند کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ قاضی اسد اور ملک اسد الله ایڈووکیٹ

منگل 25 جون 2019 23:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) معاشرہ میں مثبت سوچ و فکر کا فروغ میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے، صحافت ایک پیشہ نہیں بلکہ شعبہ ہے، معاشرتی اصلاح کیلئے جہد مسلسل اور کلمہ حق بلند کرنا اس کی ذمہ داری ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ ہری پور پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس نے ہمیشہ اور ہر دور میں اپنی یہ ذمہ داری پوری کی ہے، امید ہے کہ پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ صحافیوں کے اعتماد پر پورا اتر کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن قاضی محمد اسد اور ڈسٹرکٹ بار ہری پورکے سابق صدر ملک اسد الله ایڈوکیٹ نے ہری پور پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس کی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی اور صدر مجلس خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پریس کی مجلس عاملہ کے چیئرمین ذاکر حسین تنولی، صدر ملک فیصل اقبال خان، سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی اور یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم عابد نے کہا کہ پانچ سال قبل یہاں صرف ایک خستہ حال عمارت قائم تھی جسے انہوں نے پریس کلب بنایا اور پھر جرائم پیشہ افراد کا رستہ روک کر حقیقی اور ورکنگ جرنلسٹس کو اس کی ممبر شپ دیکر معاشرہ کے تمام باالخصوص مظلوم و پسے ہوئے طبقات کو اپنی آواز بلند کرنے کیلئے ایک مضبوط اور موثر پلیٹ فارم مہیا کیا، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ نہ صرف معاشرہ کے تمام طبقات بلکہ شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ضلعی انتظامیہ سے بھی بھرپور تعاون کیا لیکن اگر اس تعاون کو ہماری کمزوری سمجھا گیا تو پھر اس لہجے میں بات کرنا اور جواب دینا بھی آتا ہے۔

قاضی اسد نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کیلئے تنقید میڈیا کی ذمہ داری ہے بصورت دیگر معاشرتی بگاڑ پیدا ہوتا ہے، صحافیوں کے مسائل اور اختلافات کیلئے حکومت کے ساتھ بھی بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ ملک اسد الله ایڈووکیٹ نے پریس کلب کی کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک پیشہ نہیں بلکہ شعبہ ہے جس کا کام ہمہ وقت جہاد کرنا اور کلمہ حق بلند کرنا ہے، یہ بہت مشکل کام ہے، آج پہلے والا دور نہیں بلکہ لفظ معنی رکھتے ہیں اور ان سے معاشرہ میں مثبت رویوں کو فروغ ملتا اور لوگوں کی ذہن سازی ہوتی ہے، اگر میڈیا نے سوچ و فکر کی آبیاری میں بدیانتی کی تو اس جرم کی پاداش میں تباہی آئے گی۔

پریس اور بار اہل علم و قلم کا فورم ہے، یہا ں سے شعور بیداری کا پیغام اٹھنا چاہئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہری پور پریس کلب اس عظیم مشن کیلئے کانفرنسوں ، سیمینارز، واکس اور پروگرام کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو فورم فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں