ہری پور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 8 روز میں 135 افراد کے خلاف مقدمات درج

منگل 31 مارچ 2020 22:59

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس ہری پور نے دفعہ 144 کے تحت گذشتہ 8 روز کے دوران 135 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اور ڈی آئی جی ہزارہ کے احکامات پر ضلع بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او ہری پور سید اشفاق انور کے احکامات اور ہدایات پر ضلعی پولیس ہری پور صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دفعہ 144 کی خلاف ورزیوں پر بلا تفریق بڑے پیمانہ پر کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 8 روز کے دوران ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں مختلف دکانداروں، پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکان اور دیگر تقریبات کرنے پر 135 افراد کے خلاف زیر دفعہ 188 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے نقصانات سے بچانے اور حفاظتی اقدامات سے آگاہی کیلئے بذریعہ سوشل میڈیا اور پاک آرمی کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیادوں پر فلیگ مارچ کا سلسلہ بھی جاری ہے، تمام بینکوں اور دیگر دکانوں پر صارفین اور خریداروں کے درمیان مناسب فاصلہ کے حوالہ سے بھی وسیع پیمانہ ہر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ضلع بھر میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی مکمل بند کر دیا گیا ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں