حسن ابدال، رات کے اندھیرے میں قبرستان کی زمین پر قبضے کی کوشش، اے سی کی قبضہ مافیا کے خلاف مقدمے کی یقین دہانی

بدھ 11 ستمبر 2019 18:43

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) رات کے اندھیرے میں قبرستان کی زمین پر قبضے کی کوشش، شہریوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔اسسٹنٹ کمشنر عدنان انجم راجہ نے حالات کی نزاکت دیکھتے ہوئے فوری طور پر قبضہ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور تعمیرات گرانے کی یقین دہانی کر دی۔ حسن ابدال میں قدیم قبرستان میں زمین ناپید ہونے کی وجہ سے اہلیان علاقہ نے باہمی چندہ اکھٹا کر کے تین کنال کے قریب زمین محلہ اسلام پورہ میں ناپہ کے قریب خریدی اور وہاں قبریں بنانا شروع کر دیں۔

کچھ عرصہ سے اس زمین پر ناجائز تعمیرات کی کوشش کی جا رہی تھی جس پر مقامی آبادی کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر اور مقامی پولیس کو آگاہ کیا گیا تھا جنہوں نے تعمیرات کرنے والے بااثر افراد کو کام روکنے کی ہدایات سختی سے جاری کر رکھی تھیں مگر گزشتہ رات اندھرے میں نہ صرف ایک کمرہ تعمیر کیا گیا بلکہ اس پر پختہ چھت بھی ڈال دی گئی۔

(جاری ہے)

صبح مقامی افراد نے ناجائز تعمیرات دیکھیں تو ان میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور سابقہ وائس چیئرمین چوہدری زبیر اقبال کے ہمراہ ممتاز حسین۔

سئد مظہر شاہ۔عارف محمود۔محمد مقصود۔خالد محمود۔خرم علی۔سعید احمد اور دیگر شہریوں کی ایک بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور احتجاج شروع کر دیا۔واقع کی اطلاع ملتے ہی اے سی عدنان انجم راجہ کی جانب سے میونسپل آفیسر ذوالفقار بٹ اور بلڈنگ انسپکٹر کو موقع پر بھجوا دیا گیا اور انہیں غیر قانونی تعمیرات کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور غیر قانونی تعمیرات گرانے کے احکامات جاری کر دیے۔دونوں افسران نے احتجاج کرنے والوں کو یقین دہانی کرائی کے قبرستان کی زمین پر کسی صورت قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا اور قانونی تقاضے پورے ہوتے ہی تعمیر شدہ عمارت کر گرا دیا جائے گا۔اہلیان علاقہ بعدازاں پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں