پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق کے ایصال ثواب کیلئے قرآن و فاتحہ خوانی

منگل 18 فروری 2020 00:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کے ایصال ثواب کیلئے تحریک انصاف کے سینئر صوبائی ر ہنما عمران قریشی کی جانب سے قاسم آباد کے پارٹی آفس میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پارٹی رہنما اور کارکنان کے علاوہ مختلف سیاسی ، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے بعد لنگر کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ر ہنما عمران قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کا اثاثہ تھے اور ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکے گی۔ انہوں نے اپنی تمام صلاحیتیں اور وفاداری احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پی ٹی آئی کو نہ صرف مضبوط کیا بلکہ جمہوری عمل کو بھی تقویت دی۔

انہوں نے کہاکہ نعیم الحق کی سیاسی بصیرت اور دن رات کی جانے والی جدوجہد کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو انتخابات میں بھرپور کامیابی ملی اور وہ حکومت میں آکر ملک کے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ نعیم الحق کی وفات کے بعد ایک بڑا خلاء پیدا ہوگیا جو بھرنے میں دیر لگے گی اللہ تعالیٰ نعیم الحق کے درجات کو بلند کرے اور ان کی مغفرت فرمائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں