قرنطینہ سینٹرز میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی لباس فراہم کیاجائے،پی ایم اے حیدرآباد

جمعہ 3 اپریل 2020 22:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم ای) حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر آغا تاج محمد اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد زمان بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری ہسپتالوں خصوصاً قرنطینہ سینٹرز میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو عالمی ادارہ صحت کے ٹیکنیکل ہیلتھ سروس کے معیار اور ہدایات کے مطابق پی پی ای یعنی احتیاطی لباس اب تک مہیا نہیں کئے گئے ہیں انہیں فوری یہ ڈریس فراہم کئے جائیں کیونکہ یہ لوگ کورونا وائرس کے خلاف بغیر سازوسامان اور بغیر حوصلہ افزائی کے خدمات انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، اسی وجہ سے کوہسار ہسپتال حیدرآباد کے ایم ایس اور میڈیکل عملہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوا اور ڈاکٹر اسامہ کی بھی شہادت ہوئی، ایک بیان میں پی ایم اے رہنمائوں ڈاکٹر آغا تاج محمد اور محمد زمان بلوچ نے کہا کہ حیدرآباد کی گنجان آبادیوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا اور وہ تشویش میں مبتلا ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کرتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج رہے ہیں ، جو ڈاکٹر قرنطینہ سینٹرز میں مریضوں کے علاج کے سلسلے میں ڈیوٹی دے رہے ہیں انہیں رہائش کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان قرنطینہ سینٹرز کو شہر سے باہر لیبر کالونی کے فلیٹس زیل پاک یا ایکسپو سینٹر میں منتقل کئے جائیں اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی جو کہ ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں ان کی تنخواہوں سے 10 فیصد کٹوتی فوری واپس لی جائے اور صوبہ پنجاب کی طرح ان کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دی جائے، سندھ میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیوٹیاں انجام دینے والے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاج معالجے کا خرچہ سندھ حکومت فراہم کرے اور قرنطینہ سینٹرز میں ڈیوٹیاں انجام دینے والے عملے کے مفت ٹیسٹ کرانے کا فوری بندوبست کیا جائے اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لئے مکمل تنخواہ، الائونسز سمیت ادا کی جائے، 50 سال سے زائد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کورونا وائرس ہونے کا امکان زیادہ ہے لہذٰا انہیں قرنطینہ سینٹرز میں ڈیوٹی انجام دینے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، انہوں نے کہا کہ راجپوتانہ اور میمن ہسپتال کو قرنطینہ میں تبدیل نہ کیا جائے کیونکہ مذکورہ ہسپتال دیگر امراض کے بڑے ہسپتال ہیں اور کورونا وائرس کے مریضوں سے عام مریضوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز کو N95 ماسک دیئے جائیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں