جامعہ سندھ جامشورو میں خواتین اور بچوں پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے سمپوزیم کا انعقاد

منگل 23 اپریل 2024 22:37

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) جامعہ سندھ جامشورو کے شہید بینظیر بھٹو کنونشن سینٹر میں کرمنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ’’معاشرے میں خواتین اور بچوں پر تشدد کو کیسے روکا جائے؟” کے عنوان سے ایک روزہ سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں شریک مقررین نے صنفی تشدد کے خلاف قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بچوں اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے بھرپور کوششیں کرنی چاہئیں۔

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پولیس کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور پولیسنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کی خواتین میں بڑی صلاحیت موجود ہے، انہیں پولیس محکمے میں بھرتی کے مواقع فراہم کرنا ایک نیک شگون ہے۔

خواتین پولیس افسران کو بااختیار بنایا جائے اور اہم عہدے دیئے جائیں جس سے خواتین پر تشدد میں کمی آ سکتی ہے۔ خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم کارکن اور ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے کہا کہ ہر جگہ خواتین کو تشدد و امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن مسلسل جدوجہد کے باعث خواتین اب فرسودہ رسوم و رواج کو چیلنج کر رہی ہیں اور اپنے حقوق کیلئے مزاحمت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ اچھے قوانین موجود ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے خواتین قانون کا فائدہ حاصل نہیں کر سکی ہیں۔ چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف کرمنالوجی ڈاکٹر وحید احمد عباسی نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کا مضبوط عزم ہونا چاہئے۔ انہوں نے لوگوں میں قانون کا احترام و خوف پیدا کرنے کیلئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد روکنے کیلئے بہت کام کرنا ہوگا۔

ڈی آئی جی میرپورخاص جاوید جسکانی نے کہا کہ خواتین و بچوں پر تشدد کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں سیمینارز و ورکشاپس کے ذریعے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ سینئر صحافی و اینکر پرسن شوکت نوناری، میرپورخاص یونیورسٹی کے وائس چانسلر و کرمنالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش ناریجو، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو، پشپا کماری، ایڈووکیٹ وجاہت علی ملک و دیگر نے کہاکہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے نصاب کے ذریعے طلباء میں شعور پیدا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کی روک تھام کیلئے پولیس میں خواتین کی نمائندگی بڑھانی چاہئے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں