ش* حیسکو اور واسا نے شہر حیدرآباد کو کربلا میں تبدیل کردیا ہے ، عابد قادری

منگل 21 مئی 2024 20:25

9حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2024ء) پاکستان سنی تحریک حیدرآباد کے ڈویژنل صدر عابد قادری و اراکین ڈویژن کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حیسکو اور واسا نے شہر حیدرآباد کو کربلا میں تبدیل کردیا ہے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ و پینے کے پانی کی عدم فراہمی نے حیدرآباد کے شہریوں کو دربدر کردیا ہے، واسا اور حیسکو میں کرپشن زدہ نااہل افسران سیٹوں پر براجمان ہیں بجلی چوری کروانے والے حیسکو افسران جو کہ جیلوں میں ہوکر آئے ہیں آج بھی اپنے عہدوں پر برقرار ہیں ان ہی کرپشن زدہ نااہل افسران کی تعیناتی ہی کی وجہ سے حیسکو خسارے میں جارہاہے، واسا اور حیسکو افسران کی نااہلی کے سبب حیدرآباد کی عوام پانی کو بوند بوند ترس گئی ہے شدید گرمی میں بجلی اور پینے کے پانی کی عدم فراہمی سوالیہ نشان ہے،عوام کو پینے کا پانی نہیں مل رہا اور شہر حیدرآباد کی سڑکیں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایکسین واسا محمد علی بیگ جیسے نااہل اور کرپشن زدہ نام نہاد افسران کی تعیناتی سے ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا چونا لگایا جارہاہے، واسا سے ایسے نااہل سفارشی افسر محمد علی بیگ کو فوری برطرف کرکے لاکھوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی جائے اور واسا کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جائے ،اگر حیسکو اور واسا سے نااہل سفارشی افسران کو فوری برطرف نہ کیا گیا اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو پاکستان سنی تحریک احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ایف آئی اے کو مطلوب حیسکو افسران کو بھی فوری برطرف کرکے دوبارہ سے تحقیقات کا آغاز کیا جائے حیسکو اور واسا افسران کے اثاثوں کی تحقیقات کی جائے اور شہریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ٹاسک فورس قائم کی جائے تاکہ حیدرآباد کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں