کمشنر اسلام آباد ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن رابعہ اورنگزیب کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

بدھ 22 مئی 2024 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) کمشنر اسلام آباد ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (آئی ای ایس ایس آئی)رابعہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ چالیس ہزار سے زائد ملازمین آئی ای ایس ایس آئی میں رجسٹرڈ ہیں جس کا مطلب ہے کہ نجی اداروں کے ان ملازمین کے چالیس ہزار سے زائد خاندان بہترین طبی سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی ای ایس ایس آئی کمشنر نے بدھ کواسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری سے چیمبر ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر نے کہا کہ مزدور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کے کارکنوں کو بہتر حقوق حاصل نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ اپنے ہسپتالوں کے ذریعے مزدوروں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مریضوں کو جنرک ادویات تجویز کر کے سوشل سکیورٹی ہسپتال کے بجٹ کی بڑی رقم بچائی جا سکتی ہے۔احسن ظفر بختاوری نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ I-10 سیکٹر میں واقع ہسپتال اور ڈسپنسری کی ملکیت بھی آئی ای ایس ایس آئی کے حوالے کی جائے تاکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں کہا کہ وہ آئی سی سی آئی کے آٹھ ہزار سے زائد ممبران سے بھی کہیں گے کہ وہ اپنے ملازمین کو اپنے علاج کے لیے آئی ای ایس ایس آئی کے ساتھ رجسٹر کرائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں