نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کو لوہے کی چارپیاں دے دی گئیں

مریم نواز نے چارپائی پر فوم کے گدے کی جگہ تلائی منگوائی، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 18 جولائی 2018 11:17

نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کو لوہے کی چارپیاں دے دی گئیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جولائی 2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کو لوہے کی چارپیاں دے دی گئیں۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو جیل میں لوہے کی چارپائیاں دی گئی ہیں۔جو سفیدسوتی نوارسے بُنی ہوئی ہیں جن کے اوپربچھانے کیلئے فوم کے گدے دئیے گئے ہیں یہ چارپائیاں بہترکلاس کے اسیروں کودی جاتی ہیں۔

اس سے قبل نوازشریف اورکیپٹن (ر)صفدرزمین پرمیٹرس بچھا کر سوتے رہے۔ جبکہ مریم نوازکوپہلے ہی اسی قسم کی چارپائی دی گئی ہے، جیل ذرائع کے مطابق مریم نواز نے چارپائی پر گدے کے بجائے تلائی منگوائی۔ جب کہ نواز شریف کے لیے 3 ڈاکٹروں کی تقرری بھی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے اس سے قبل نواز شریف کو باتھ روم گندا ہونے کی بھی شکایت تھی۔جس پر ان کا کمرہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔

تاہم اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے نئے کمرے کا باتھ روم قدرے بہتر ہے۔ دو روز قبل گرمی اور حبس کے باعث نواز شریف کی طبیعت میں بے چینی پائی گئی۔ جس پر ان کا چیک اپ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر اور نبض چیک کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو جیل کے اندر تیار کیا گیا کھانا دیا گیا لیکن نواز شریف اور مریم نواز نے جوس، بریڈ اور تازہ پھلوں پر ہی اکتفا کیا۔

نواز شریف نے اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ پانچ وقت نماز اور رات کو نوافل کی ادائیگی بھی شروع کر دی ہے۔ نواز شریف نے دن اپنے کمرے کے سامنے کھُلے کمپاؤنڈ میں گزارا او جیل انتظامیہ سے قیدیوں کو دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی معلومات بھی حاصل کیں۔ نواز شریف علی الصبح داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اڈیالہ جیل میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں