عام انتخابات میں سول آرمڈ فورسز کے 42 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

بدھ 18 جولائی 2018 21:23

عام انتخابات میں سول آرمڈ فورسز کے 42 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) نگران وفاقی حکومت نے عام انتخابات میں امن وامان کیلئے سول آرمڈ فورسز کے 42 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات سمیت دیگر امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ میں فیصلہ کیا گیاکہ عام انتخابات میں نیکٹا صوبائی حکومتوں سے معلومات کا تبادلہ کریگا جبکہ کابینہ اجلاس، نادرا، ایف آئی اے اور ایوی ایشن تکنیکی تعاون فراہم کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم اور کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہیں دیامیربھاشا ڈیم فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی پر کابینہ میں اختلاف رائے رہا ہے۔

کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ زبردستی تنخواہ میں کٹوتی نہیں کی جا سکتی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین رضا کارانہ دو دن کی تنخواہ دینا چاہیں توکٹوتی ہوگی لیکن جو فنڈ نہیں دینا چاہتے وہ تحریری طور پہ کٹوتی نہ کرنے کے بارے آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق نگران وفاقی کابینہ نے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین ایک دن جب کہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کی 2 دن کی تنخواہ میں کٹوتی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں