صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے قائم سلیکشن کمیٹی کا 16 اگست سے کام شروع کرنے کا فیصلہ

ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور چیئرمین کمیٹی شفقت جلیل کی زیر صدارت اجلاس، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ سکیموں میں فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی

جمعہ 10 اگست 2018 23:56

صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے قائم سلیکشن کمیٹی کا 16 اگست سے کام شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے قائم سلیکشن کمیٹی نے 16 اگست سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ سکیموں میں فہرست کو حتمی شکل دینے کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور چیئرمین کمیٹی شفقت جلیل کی صدارت میں اجلاس یہاں منعقد ہوا، جس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کے ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فہرست کو حتمی شکل دینے کے لئے کام کا آغاز 16 اگست سے شروع کیا جائے گا، اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے اجلاس اس وقت تک باقاعدگی سے جاری رہیں گے جب تک کہ فہرست کو حتمی شکل نہیں دی جاتی۔

(جاری ہے)

وزارت اطلاعات کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت کو 900 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے فارم تصدیق کے لئے موصول ہوئے تھے جبکہ 3000 کے قریب صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے مختلف کیٹیگریز میں درخواستیں دی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت تصدیق کا عمل تیز کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی باقی ماندہ صحافیوں اور ورکرز کو بھی جلد از جلد ویری فیکیشن فارم وزارت کو فراہم کرنے کے لئے یاددہانی کرائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات صحافیوں یا میڈیا ورکرز کے مسائل کو نئی حکومت کے ساتھ اٹھائے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کی درخواست پر وزارت اطلاعات نے یہ سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے سفارشات تیار کرے گی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی پی طاہر خوشنود، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سینئر صحافی نواز رضا، صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری، سیکرٹری شکیل انجم، صدر آر آئی یو جے مبارک زیب خان، سیکرٹری جنرل ایپنک اکرام بخاری، صدر ایم ڈبلیو او کلیم شمیم، سیکرٹری راجہ جاوید، چیئرمین لوکل ایپنک اسلام آباد صدیق انظر، سینئر صحافی جاوید صدیق اور اے پی پی سے ارشد مجید چوہدری نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں