میں نے عمران خان جتنی محنت کرتے کسی وزیراعظم کو نہیں دیکھا

جس ملک کو چوروں اور لٹیروں نے تباہ کر دیا تھا اس کو ٹھیک کرنے کے لیے عمران خان اپنی پورے محنت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 نومبر 2018 13:31

میں نے عمران خان جتنی محنت کرتے کسی وزیراعظم کو نہیں دیکھا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان بہت محنت کر رہے ہیں میں نے عمران خان جتنی محنت کرتے کسی وزیراعظم کو نہیں دیکھا۔چوروں اور لٹیروں نے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے لیکن عمران خان اس کو دوبارہ سے سنوارنے کے لیے اپنی پوری محنت لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کے لیے وزیراعظم عمران خان سخت محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو اپنی ایماندار قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں جو ان کی صداقت سے بخوبی آگاہ بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی اور ملک میں نئے چہرے سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ملک سے بدعنوان سیاسی خاندانوں کا خاتمہ چاہتے ہیں کیونکہ لوگ بھی ان کرپٹ عناصر کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی نظریاتی قیادت کے تحت لوگوں کے معیار زندگی کو تبدیل کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ سخت محنت کے ساتھ ساتھ موثر اور کارآمد پالیسیاں متعارف کرا کے پاکستان ریلوے میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے میں کم زمرے کی ملازمتوں کے لیے گریجویٹ شہریوں کے درخواستیں دینے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کو اپنے اوپر دائر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیئے اور ملکی قانون کے مطابق انہیں سزا بھی ملنی چاہیئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان وہ کام کر رہے ہیں جو ملک کے سیاستدانوں کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دو سال بعد لوگوں کو ریلیف ملے گا کیونکہ اس وقت حکومت بہت سے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں