صحافیوں کی فلاح و بہبود میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا،چیف جسٹس ثاقب نثار

منگل 11 دسمبر 2018 23:45

صحافیوں کی فلاح و بہبود میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا،چیف جسٹس ثاقب نثار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بات منگل کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ایک خصوصی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، نائب صدور، علی کاظم، شہربانو، کے یو جے کے صدر حسن عباس، ایپنک کے شکیل یامین کانگا، اور رانا یوسف موجود تھے۔

اس موقع پر چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ مختلف میڈیا ہاؤسز سے صحافیوں کو جبری طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ واجبات کی ادائیگی میں بھی حیلے بہانے کیئے جارہے ہیں وفد کی درخواست پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبے ہیں تاہم ان میں کچھ رکاوٹیں ہیں چیف جسٹس نے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے اب تک کی کاوشوں کے بارے میں وفد کو تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے مکمل حل کا یقین دلایا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے یہ بھی واضح کیا کہ آٹھویں ویج ایوارڈ کے چیئرمین کی تعیناتی میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں