پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں،صادق سنجرانی

دونوں ملکوں کے معابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، چیئر مین سینٹ

جمعرات 22 اگست 2019 14:02

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں،صادق سنجرانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں جن کو مذید مستحکم بنانے کیلئے مربوط مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران چیئر مین سینیٹ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے معابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اس سلسلے میں سینئر قیادت سے گفتگو کریں گے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مطابق چیئرمین سینیٹ 25 سے 28 اگست کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔

چیئرمین سینٹ کو اس دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دی ہے۔اس اہم دورے کے دوران چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی وفد متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور حکومتی سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن کو درپیش خطرات سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو آگاہ کرنا اور امن کے قیام میں پاکستان کی کوششوں کو اٴْجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے اورمسلم امہ کے اہم ممبرز ہیں۔ ان دونوں ملکوں کو کشمیر کے اہم مسلے کے حل اور علاقائی امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کے فروغ کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر مزید بہتری لا سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا ہے اس کی افادیت سے متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ممالک کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایوان بالاکے سربراہ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اعلیٰ قیادت اس دورے کی منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی ثقافتی اور مذہبی روابط کو بروکار لاتے ہوئے علاقائی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں