وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے ہالینڈ کے سفیر ولن ووٹر پلومپ کی ملاقات

اقلیتوں، خواتین اور بچوں کے حقوق کے علاوہ باہمی دلچپسی کے امور پر بات چیت

پیر 23 ستمبر 2019 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے ہالینڈ کے سفیر ولن ووٹر پلومپ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اقلیتوں، خواتین اور بچوں کے حقوق کے علاوہ باہمی دلچپسی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت اور ہماری وزارت معاشرے کے ہر فرد کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے اور ہندو میرج ایکٹ پر عملدر آمد جاری ہے جبکہ مسیحی برادری کا طلاق کا قانون بھی جلد لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خواجہ سرائوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون پر عملدر آمد جاری ہے اور اسلام آباد میں پمز ہسپتال میں ان کیلئے علیحدہ سے وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں انہیں مفت طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نہ صرف موجود ہ قوانین پر عملدرآمد ممکن بنا رہی ہے بلکہ نئے قوانین بھی متعارف کرا رہی ہے جس میں تشدد کی روک تھام اور دوران حراست اموات، معذور افراد کے حقوق کابل اور مسیحی طلاق کابل بھی شامل ہے۔ انہوں نے سفیر کو مزید بتایا کہ بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی روکنے اور ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ڈومیسٹک ورکرز کیلئے بھی نئی قانون سازی پر کام کیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں ولن ووٹر پلومپ نے انسانی حقوق کے تحفظ اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں