کیپٹن (ر) صفدر اچانک غائب ہو گئے، حسین نواز کو نواز شریف کا خط بھی نہ پہنچا

کیپٹن (ر) صفدر ن لیگ کی اہم شخصیت کی ہدایت پر منظر سے غائب ہیں۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اکتوبر 2019 12:07

کیپٹن (ر) صفدر اچانک غائب ہو گئے، حسین نواز کو نواز شریف کا خط بھی نہ پہنچا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر اچانک منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں جس پر پارٹی حلقوں میں چہ مگوئیاں بھی ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پیغام رساں ہونے کا دعویٰ کرنے والے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اچانک منظر سے غائب ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے پارٹی حلقوں میں مختلف قسم کی چہ مگوئیاں بھی ہونے لگ گئی ہیں۔ جبکہ پارٹی کے اہم رہنما بھی کیپٹن (ر) صفدر کی موجودگی سے لاعلم ہیں۔ اس حوالے سے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدرمسلم لیگ ن کی ایک اہم شخصیت کی ہدایت پر منظر سے غائب ہو گئے ہیں جبکہ ان کی طرف سے یہ پراپیگنڈہ کیا گیا ہے کہ وہ مانسہرہ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اہم ذرائع نے بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدرنہ تو مانسہرہ ہیں اور نہ ہی لاہور سے باہر گئے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر اس وقت لاہور میں ہی کسی جگہ پر موجود ہیں اور وہیں سے کسی اور نمبر سے ہدایات جا ری کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی میں یہی بتایا گیا کہ کیپٹن (ر) صفدر مانسہرہ گئے ہوئے ہیں حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر اپنی گرفتاری کے ڈر سے سائیڈ پر ہیں ، ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے قریبی حلقوں سے یہ بھی کہا کہ جب سے نوازشریف کے احکامات کو میں آ گے پہنچا رہا ہوں تو مسلم لیگ ن کے اندر سے کئی افراد میری مخالفت کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میں کسی طریقہ سے قابو آ جاؤں اور پھر دوبارہ ان کی سیاست شروع ہو جائے ۔

ذرائع نے بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو یہ بھی شکوہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے اہم اجلاسوں میں بھی انہیں اس لئے نہیں بلایا جاتا کہ ان سے مسلم لیگ ن کے کچھ اہم رہنما خوفزدہ ہیں اور اب میرا سائیڈ لائن پر وقتی طور پر ہونا بھی اسی وجہ سے ہے کہ نوازشریف کے مشن کے مطابق اپنا کام پورا کر کے ہی سامنے آؤں تاکہ گرفتاری بھی ہو تو کام نہ رک سکے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر جو بھی کر رہے ہیں اس میں وہ نہ تو مسلم لیگ ن کی قیادت کو اعتماد میں لیتے ہیں اور نہ ہی رابطہ مہم میں کوئی ن لیگی اہم ذمہ دار ان کے ساتھ ہے ، وہ کہاں ہیں اس حوالے سے کچھ علم نہیں ۔

جبکہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی جانب سے ان کے صاحبزادے حسین نواز کو لکھا جانے والا خط کیپٹن (ر) صفدر نے 5 روز گزر جانے کے باوجود نہیں پہنچایا۔ نجی ٹی وی چینل نے شریف خاندانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ میاں نواز شریف نے اپنے صاحبزادے حسین نواز کو پارٹی معاملات اور آزادی مارچ کے حوالے سے خط لکھا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے 11 اکتوبر کو حسین نواز کو خط بھیجنے کا بیان دیا لیکن 5 روز گزرنے کے باوجود حسین نواز کو خط نہیں ملا۔

فیملی ذرائع نے بتایا کہ خط موصول نہ ہونے کے باعث حسین نواز نے کیپٹن (ر) صفدر سے خط سے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ ان کے والد نے آزادی مارچ کے حوالے سے کون سا خط لکھا ہے اور مجھے مولانا فضل الرحمان سے کب رابطہ کرنا ہے ۔ لیکن حسین نواز کے اس سوال پر کیپٹن (ر) صفدر جواب دینے کی بجائے اِدھر اُدھر کی باتیں کر تے رہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں